ای او بی آئی میں 248افسران بھرتی،تقرر نامے جاری
اسامیوں کے لیے 6ہزار 819امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں امیدواروں کو طبی معائنے کے بعد 6جولائی کو ہیڈ آفس رپورٹ کی ہدایت
کراچی(این این آئی)وزارتِ سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل کے ماتحت ادارے ایمپلائز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) نے طویل انتظار کے بعد مختلف کیڈرز میں کامیاب قرار پانے والے 248 امیدواروں کو تقرر نامے جاری کر دیے ہیں، جبکہ انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مطلوبہ طبی معائنے کے بعد 6 جولائی 2026 کو ای او بی آئی ہیڈ آفس کراچی میں رپورٹ کریں۔اس پیش رفت کے بعد ملک بھر سے تعلق رکھنے والے کامیاب امیدواروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور طویل عرصے سے روزگار کے منتظر نوجوانوں کے مرجھائے چہروں پر مسکراہٹیں بکھر گئی ہیں۔ای او بی آئی کے امور پر گہری نظر رکھنے والے سابق افسر تعلقاتِ عامہ اور ڈائریکٹر سوشل سیفٹی نیٹ اسرار ایوبی کے مطابق ادارے میں افرادی قوت کی شدید کمی کو دور کرنے کے لیے سابق چیئرمین فلائیٹ لیفٹیننٹ(ر) خاقان مرتضی کی سربراہی میں بورڈ آف ٹرسٹیز کی منظوری سے مختلف کیڈرز میں 250 افسران کی بھرتیوں کا فیصلہ کیا گیا تھا۔بھرتی کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (LUMS) کے زیر اہتمام 21 اور 22 اگست 2024 کو کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت پانچ بڑے شہروں میں تحریری امتحانات منعقد کیے گئے ۔ ان آسامیوں کے لیے 6 ہزار 819 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں جبکہ 5 ہزار 676 امیدواروں نے تحریری ٹیسٹ میں شرکت کی۔ ٹیسٹ کے نتیجے میں 1 ہزار 316 امیدوار کامیاب قرار پائے تھے ۔