پنک بس کے پیچھے غیر اخلاقی حرکتیں کرنے والا گرفتار

پنک بس کے پیچھے غیر اخلاقی حرکتیں کرنے والا گرفتار

جوہر آباد پولیس نے ملزم ارسلان احمد کو فیڈرل بی ایریا سے گرفتار کیادورانِ تفتیش نازیبا حرکت کرنے کا اعتراف ،ویڈیو بیان میں معافی مانگ لی

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پنک بس کے پیچھے غیر اخلاقی حرکتیں کرنے والا موٹر سائیکل سوار پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو گیا۔کراچی میں راشد منہاس روڈ پر پنک بس میں بیٹھی خواتین کے سامنے نا زیبا حرکتیں کرنے وا لے موٹر سائیکل سوار کو پولیس نے گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزم کو جوہر آباد پولیس نے فیڈرل بی ایریا سے گرفتار کیا، ملزم کی شناخت ارسلان احمد کے نام سے ہوئی ہے ، ملزم نے دورانِ تفتیش نازیبا حرکت کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے ویڈیو بیان ریکارڈ کرا دیا، جس میں اس نے بتایا کہ وہ اپنی حرکت پر شرمندہ ہے اور معافی مانگتا ہے ۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ملزم کی نازیبا حرکت کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، ملزم ارسلان کے مطابق اس نے غیر اخلاقی حرکت راشد منہاس روڈ پر ناگن چورنگی جانے والے راستے پر کی تھی۔بس میں سوار خواتین نے اوباش شخص کی ویڈیو بنا لی تھی، تاہم ملزم کی ڈھٹائی کا یہ عالم تھا کہ خواتین کے ویڈیو بنانے کے دوران بھی وہ مسلسل نازیبا حرکات دہراتا رہا، بعد ازاں موقع سے فرار ہو گیا۔موٹر سائیکل سوار ارسلان نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے چہرے پر ماسک لگایا ہوا تھا، جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چکمہ دینے کے لیے اس کی موٹر سائیکل کے آگے کی نمبر پلیٹ بھی غائب تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں