سی پی او کا منفرد اقدام، 27 اہلکار درخت لگانے کی شرط پر بحال

سی پی او کا منفرد اقدام، 27 اہلکار درخت لگانے کی شرط پر بحال

غلطی کی اصلاح ممکن ، نظم و ضبط پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہو گا :تنویر حسین

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد تنویر حسین نے اصلاحی اور ماحول دوست اقدام کے تحت عید ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے پر جبری ریٹائرڈ کیے گئے 27 پولیس اہلکاروں کو نوکری پر بحال کر دیا، تاہم ہر اہلکار کو 10،10 سایہ دار درخت لگانے کا پابند بنایا گیا ہے ۔سی پی او نے سزا کے ساتھ اصلاح کے تصور کو فروغ دیتے ہوئے بحالی کے احکامات جاری کیے اور شجرکاری کو بحالی کی شرط قرار دیا۔ اس اقدام کا مقصد اہلکاروں میں ذمہ داری کا احساس اجاگر کرنے کے ساتھ ماحول کے تحفظ کو بھی فروغ دینا ہے۔

سی پی او تنویر حسین کا کہنا ہے کہ پولیس فورس میں نظم و ضبط برقرار رکھتے ہوئے مثبت تبدیلیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے ۔ ان کے مطابق اہلکاروں کو دوسرا موقع دینے سے ان میں حوصلہ اور احساسِ ذمہ داری بڑھے گا، جبکہ شجرکاری مہم سرسبز و شاداب پاکستان کے خواب کی تکمیل میں معاون ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام اصلاح، احتساب اور ماحول کے تحفظ کو یکجا کرنے کی ایک منفرد مثال ہے ۔ غلطی کی اصلاح ممکن ہے ، تاہم نظم و ضبط پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں