بدعنوانی کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا : کمشنر
ڈویژنل انتظامیہ شہریوں کو بہتر میونسپل سروسز کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت کوشاں
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)کمشنر و ایڈمنسٹریٹر فیصل آباد مسرت جبیں نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ڈویژنل انتظامیہ شہریوں کو بہتر میونسپل سروسز کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے ، جبکہ بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے یہ بات میونسپل کارپوریشن کے افسران کے اجلاس کی صدارت اور مختلف شعبوں کی کارکردگی پر بریفنگ لیتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انہوں نے شعبہ پلاننگ، ریگولیشن، انفراسٹرکچر سمیت دیگر شعبہ جات کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
کمشنر نے ہدایت کی کہ بلڈنگ بائی لاز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کو سراہتے ہوئے اسے قانونی تقاضوں کے مطابق مزید مؤثر انداز میں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ باقی ماندہ سڑکوں کی مرمت اور بحالی کے کاموں کو تیز کیا جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ ان کا کہنا تھا کہ میونسپل سروسز کی فراہمی میں کسی صورت رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔