نشہ آور ادویات فروخت کرنیوالے میڈیکل سٹورز کیخلاف کریک ڈائون تیز کر دیا گیا
منشیات کے خاتمے کیلئے خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل ،نے بغیر نسخے کے ممنوعہ اور نشہ آور ادویات کی فروخت فوری بند کرنے کی ہدایت ، سٹورز کی نگرانی اور مانیٹرنگ کا عمل تیز کر دیا گیا
فیصل آباد (عبدالباسط سے )شہر کو منشیات سے پاک بنانے کی مہم کے تحت منشیات فروشوں کے خلاف جاری سخت کارروائیوں کے ساتھ اب نشہ آور اور ممنوعہ ادویات فروخت کرنے والے میڈیکل سٹورز کے خلاف بھی پولیس نے گھیرا تنگ کر دیا گیا ۔ پولیس نے بغیر نسخے کے ممنوعہ اور نشہ آور ادویات کی فروخت فوری بند کرنے کی ہدایت کی ہے ،ذرائع کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا اور سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین کی ہدایت پر منشیات کے خاتمے کیلئے خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو خفیہ معلومات کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر رہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے باعث نشے کے عادی افراد نے متبادل کے طور پر نشہ آور اور ممنوعہ ادویات کا استعمال شروع کر دیا، جس سے بعض میڈیکل سٹورز پر ان ادویات کی غیرقانونی فروخت میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے میڈیکل سٹورز کی نگرانی اور مانیٹرنگ کا عمل تیز کیا، جس کے دوران یہ شواہد سامنے آئے کہ بعض میڈیکل سٹورز بغیر ڈاکٹری نسخے کے ممنوعہ ادویات فروخت کر رہے تھے ۔ تمام میڈیکل سٹور مالکان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ آئندہ بغیر نسخے کے نشہ آور یا ممنوعہ ادویات فروخت کرنے کی صورت میں ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔آر پی او سہیل اختر سکھیرا اور سی پی او تنویر حسین کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد معاشرے کو منشیات سے پاک کرنا ہے ۔