مون سون سر پر، منصوبہ ادھورا، 15اضلاع تک سمٹ گیا
اربن فلڈنگ سے بچانے کیلئے ڈیجیٹل رین ڈیش بورڈ منصوبہ اہداف حاصل نہ کر سکا
لاہور (شیخ زین العابدین)مون سون سر پر آن پہنچا، اربوں کے فنڈز بھی جاری ہوئے ، پنجاب کے 41اضلاع میں بارشوں کی مانیٹرنگ کیلئے رین ڈیش بورڈ منصوبہ شروع تو ہوامگر تکمیل تک نہ پہنچ سکا اور15اضلاع تک سمٹ گیا ۔ذرائع کے مطابق پنجاب بھر میں بارشوں کی مؤثر نگرانی اور شہری علاقوں کو اربن فلڈنگ سے بچانے کیلئے شروع کیا گیا ڈیجیٹل رین ڈیش بورڈ منصوبہ مقررہ اہداف حاصل نہ کر سکا۔ 41اضلاع میں ڈیجیٹل ڈیش بورڈز اور مانیٹرنگ سسٹم کیلئے 1 ارب 28 کروڑ جاری کرکے منصوبے کی ذمہ داری واسا لاہور کو سونپی گئی ۔ منصوبہ 8ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا تاہم فنڈز خرچ ہونے کے باوجود مکمل نہ ہو سکا اور اسکا دائرہ کار صرف 15اضلاع تک محدود رہا۔ان اضلاع میں بھی مکمل ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم فعال نہ ہو سکا ۔منصوبے میں تاخیر پرمحکمہ ہاؤسنگ اور واسا پنجاب نے واسا لاہور سے جواب طلب کر لیا ہے ۔