کراچی ہیڈکوارٹر رینجرز پرحملے میں شہیدحوالدار محمد ریاض کی نمازِ جنازہ آبائی علاقے میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا
میانوالی (نامہ نگار)کراچی ہیڈکوارٹر رینجرز پر دہشت گرد حملے میں ضلع میانوالی کے علاقہ واں بھچراں، چک میرث کے رہائشی رینجرر حوالدار محمد ریاض جامِ شہادت نوش کرگئے ۔
شہید کی نمازِ جنازہ آج ان کے آبائی علاقے میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔ڈی پی او میانوالی وقار عظیم کھرل کی ہدایات پر ایس پی انوسٹی گیشن مہر محمد ریاض ناز، پی آر او،آر آئی پولیس لائنز انسپکٹر ضرار خان اور لائن آفیسر سب انسپکٹر نور خان نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی، شہید کے جسدِ خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا۔اس موقع پر سندھ رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، جبکہ پولیس، رینجرز، سول و عسکری حکام، معززینِ علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے نمازِ جنازہ میں شرکت کرکے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔