بڑھتی ہوئی آبادی ملک کے لیے ایک بڑا قومی چیلنج ، طارق محمود عزیز
کندیاں(نمائندہ دنیا)ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام علی انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کندیاں میں بڑھتی ہوئی آبادی اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل سے متعلق آگاہی سیشن منعقد کیا گیا۔
تقریب کی صدارت ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر طارق محمود عزیز نے کی، جبکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سماجی رہنماؤں، صحافیوں، اساتذہ، طبی ماہرین، محکمہ پاپولیشن کے افسران اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی اس موقع پر محکمہ پاپولیشن کی جانب سے ایک معلوماتی ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی، جس میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی، محدود وسائل، بنیادی سہولیات پر بڑھتے دباؤ اور مستقبل کے معاشی و سماجی چیلنجز کو اجاگر کیا گیاخطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر طارق محمود عزیز نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی ملک کے لیے ایک بڑا قومی چیلنج ہے ، جس سے نمٹنے کے لیے عوام میں شعور اجاگر کرنا اور خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ناگزیر ہے انہوں نے کہا کہ صحت مند اور خوشحال معاشرے کی تشکیل کے لیے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی