ٹیکسوں میں کمی ، سستا پٹرول فراہم کیا جائے :خواجہ شاہد رزاق
ٹیکسوں میں کمی ، سستا پٹرول فراہم کیا جائے :خواجہ شاہد رزاقلاک ڈاؤن فوری ختم کر کے عزت و وقار کے ساتھ کاروبار کرنے کا موقع دیا جائے
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے سرپرست اعلیٰ و صدر انجمن تاجران سٹی خواجہ شاہد رزاق سکا، جنرل سیکرٹری شیخ سعید احمد، ڈپٹی سیکرٹری میاں ریاض شاہد، چیئرمین مرزا اشرف مغل، صدر ینگ ٹریڈرز ملک سہیل نیاز طور اور دیگر سینئر رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر کے تاجروں پر عائد ظالمانہ لاک ڈاؤن فوری ختم کر کے انہیں آزادانہ ماحول میں عزت و وقار کے ساتھ کاروبار کرنے کا موقع فراہم کیا جائے تاکہ ملکی معیشت کا پہیہ رواں رہ سکے ۔انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مناسب کمی نہیں کی، جبکہ عوام سے فی لیٹر 100 روپے تک پٹرولیم لیوی وصول کی جا رہی ہے ۔ اس کے علاوہ بجلی کے بلوں میں مختلف نوعیت کے 13 ٹیکس شامل کر کے عوام اور تاجروں پر اضافی بوجھ ڈالا جا رہا ہے ، جس کے منفی اثرات کاروبار اور مہنگائی پر مرتب ہو رہے ہیں۔رہنماؤں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عائد کیے گئے ٹیکس تاجر اپنی جیب سے ادا نہیں کریں گے ، بلکہ اس کا بوجھ بالآخر صارفین پر منتقل ہوگا، جس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔