شدید حبس، معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر

شدید حبس، معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر

شدید حبس، معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت جیسے مسائل کا بھی سامنا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) شہر اور گردونواح میں پیر کی صبح کا آغاز شدید حبس، سورج کی تیز شعاعوں اور گرم موسم کے ساتھ ہوا، جس کے باعث دن چڑھتے ہی گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ دن بھر گرم اور مرطوب موسم برقرار رہنے سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ، جبکہ شہریوں کو شدید گرمی کے ساتھ ساتھ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت جیسے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑا،شدید حبس کے باعث بازاروں، شاہراہوں اور عوامی مقامات پر غیر معمولی سناٹا دیکھنے میں آیا۔ لوگ غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے گریز کرتے رہے ، جبکہ گرمی کی شدت کے باعث کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر رہیں۔ مختلف علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں تعطل کی شکایات سامنے آئیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،دوسری جانب بجلی کی بار بار بندش اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔ ہسپتالوں اور کلینکس میں گرمی سے متعلق بیماریوں، بخار، ڈی ہائیڈریشن اور دیگر طبی مسائل کے مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

،شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور شدید گرمی کے پیش نظر ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک شدید گرمی اور حبس کا سلسلہ برقرار رہنے کا امکان ہے ، جس کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز اور زیادہ سے زیادہ پانی پینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں