فلاح کے منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی،کمشنر
فلاح کے منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی،کمشنرترقیاتی سکیمیں مقررہ مدت کے اندر مکمل کی جائیں معیار برقرار رکھا جائے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرصدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں ڈویژن بھر میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے مختلف ترقیاتی سکیموں پر بریفنگ دیتے ہوئے منصوبوں کی پیش رفت، مالی امور، تکنیکی پہلوؤں اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ کمشنر نے منصوبوں پر بروقت، شفاف اور معیاری انداز میں عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔حافظ شوکت علی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سکیمیں مقررہ مدت کے اندر مکمل کی جائیں اور تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی کی جائے تاکہ عوام کو ان کے ثمرات جلد از جلد پہنچ سکیں۔اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر متعدد منصوبوں کی منظوری اور آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے ضروری فیصلے بھی کیے گئے ۔