قینچی موڑ اور 49 ٹیل پر تجاوزات شہریوں کا آپریشن کا مطالبہ
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)سرگودھا کے قینچی موڑ اور 49 ٹیل کے علاقوں میں تجاوزات کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور حادثات میں اضافے پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔
مقامی ذرائع کے مطابق ان مقامات پر تجاوزات کے خاتمے میں مبینہ طور پر بااثر عناصر رکاوٹ بنے ہوئے ہیں، جس کے باعث حکومتی رٹ قائم کرنا اور ٹریفک کی روانی بحال رکھنا انتظامیہ کے لیے چیلنج بنتا جا رہا ہے ۔ تجاوزات کے باعث نہ صرف گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہو رہی ہے بلکہ پیدل چلنے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، جبکہ آئے روز ٹریفک حادثات بھی پیش آتے رہتے ہیں۔ذرائع کے مطابق متعلقہ اداروں نے تجاوزات کے خاتمے کے لیے متعدد آپریشن کیے ، تاہم یہ کارروائیاں عارضی ثابت ہوئیں اور تجاوزات دوبارہ قائم ہو گئیں۔اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ بعض افراد مبینہ ملی بھگت سے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر خوانچے اور ریڑھیاں لگا کر بیٹھے ہیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز اور مستقل بنیادوں پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ٹریفک کی روانی بحال ہو اور شہریوں کو درپیش مسائل کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے ۔