سابق شوہر پر 8 سالہ بچی زبردستی لے جانے کا الزام، مقدمہ

سابق شوہر پر 8 سالہ بچی زبردستی  لے جانے کا الزام، مقدمہ

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)تھانہ فیکٹری ایریا کی حدود میں ایک خاتون نے اپنے سابق شوہر اور اس کے ساتھیوں پر آٹھ سالہ بیٹی کو مبینہ طور پر زبردستی اپنے ساتھ لے جانے کا الزام عائد کیا ہے۔

 جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔پولیس کے مطابق بابو محلہ کی رہائشی غلام صغریٰ نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ اس کے سابق شوہر کاشف مظفر خان کے ساتھ فیملی کورٹ سرگودھا میں مقدمات زیر سماعت تھے ، جن کا فیصلہ ہو چکا ہے ۔مدعیہ کے مطابق کاشف مظفر خان مبینہ طور پر اس کی تقریباً آٹھ سالہ بیٹی زنیرہ خان کو زبردستی اپنے ساتھ لے گیا۔ بعد ازاں زرِ ڈگری کی عدم ادائیگی پر کاشف مظفر خان گرفتار ہو کر جوڈیشل حوالات منتقل ہو گیا، تاہم خاتون کا الزام ہے کہ گرفتاری سے قبل اس نے بچی کو دانش مظفر خان، نورین بی بی اور نادیہ کے حوالے کر دیا، جو مبینہ طور پر گھروں کو تالے لگا کر نامعلوم مقام پر چلے گئے ۔غلام صغریٰ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس کی نابالغ بیٹی کی جان کو خطرہ لاحق ہے اور اسے کسی نامعلوم مقام پر رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے پولیس سے بچی کی فوری بازیابی اور نامزد ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست کی ہے ۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے بچی کی بازیابی اور نامزد افراد کی تلاش کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے ۔ مقدمے میں عائد الزامات کی حقیقت کا تعین تحقیقات کے بعد کیا جائے گا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں