گھریلو ناچاقی، شوہر پر بیوی کو تشدد کا نشانہ بنانے کا مقدمہ
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) سرگودھا میں گھریلو ناچاقی کے دوران شوہر پر بیوی کو مبینہ طور پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے اور جان سے مارنے کی کوشش کرنے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق تقی پارک کی رہائشی اقراء بی بی نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ گزشتہ روز گھریلو تنازع کے دوران اس کے شوہر محمد فہد نے مبینہ طور پر ڈنڈوں سے تشدد کیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئی۔ خاتون کا کہنا ہے کہ تشدد اس قدر شدید تھا کہ ڈنڈے بھی ٹوٹ گئے ۔درخواست گزار کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر گالم گلوچ کی اور اسے جان سے مارنے کی بھی کوشش کی، تاہم وہ بڑی مشکل سے اپنی جان بچا کر تھانے پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔ خاتون نے دعویٰ کیا کہ واقعے کی ویڈیو بھی موجود ہے ۔پولیس نے متاثرہ خاتون کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔ حکام کے مطابق مقدمے میں عائد کیے گئے الزامات کی حقیقت کا تعین دستیاب شواہد، میڈیکل رپورٹ اور تفتیش کی روشنی میں کیا جائے گا۔