مقدمے کا ریکارڈ مکمل نہ رکھنے پر سب انسپکٹر کیخلاف مقدمہ
مقدمے کا ریکارڈ مکمل نہ رکھنے پر سب انسپکٹر کیخلاف مقدمہتفتیشی افسر زبیر اسلام نے اب تک کی کارروائی ضمنی رپورٹ کا حصہ نہیں بنائی
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) تھانہ کینٹ پولیس نے محکمانہ غفلت اور لاپرواہی کے الزام میں ایک سب انسپکٹر کے خلاف پولیس آرڈر 2002 کی دفعہ 155-C کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ایف آئی آر کے مطابق ایس ایچ او تھانہ کینٹ محمد زمان نے مقدمات کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے دوران مقدمہ نمبر 516/24، جرم 489-ایف تعزیراتِ پاکستان کا ریکارڈ چیک کیا۔ ریکارڈ کے مطابق 25 اکتوبر 2024 تک ضمنیات کا اندراج موجود تھا، جبکہ 3 مئی 2026 کو مقدمہ مزید تفتیش کے لیے سب انسپکٹر زبیر اسلام کے سپرد کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد اشتہاری ملزم گلشن اعجاز بعد ازاں عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر چکا تھا اور مقدمے کا ریکارڈ بھی عدالت میں پیش ہوتا رہا، تاہم تفتیشی افسر سب انسپکٹر زبیر اسلام نے 3 مئی 2026 سے اب تک کی کارروائی کی کوئی ضمنی رپورٹ ریکارڈ کا حصہ نہیں بنائی اور نہ ہی انڈیکس ایف آئی آر پر اس کا اندراج کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ بروقت ضمنیات متعلقہ افسران کو ارسال نہ کرنے اور مقدمے کا ریکارڈ مکمل نہ رکھنے پر سب انسپکٹر زبیر اسلام کے خلاف محکمانہ غفلت اور لاپرواہی کے الزام میں پولیس آرڈر 2002 کی دفعہ 155-C کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔