بیوٹیفکیشن منصوبوں پر کام تیز، کمشنر کا مختلف سائٹس کا دورہ
بیوٹیفکیشن منصوبوں پر کام تیز، کمشنر کا مختلف سائٹس کا دورہ آئندہ مرحلے میں جھنگ بازار اور امین پور بازار کی بیوٹیفکیشن کا آغاز کیا جائیگا:بریفنگ
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت فیصل آباد میں بیوٹیفکیشن منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے ۔ کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کے ہمراہ مختلف بیوٹیفکیشن سائٹس کا دورہ کرکے جاری کاموں کا جائزہ لیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئندہ مرحلے میں جھنگ بازار اور امین پور بازار کی بیوٹیفکیشن کا آغاز کیا جائے گا، جبکہ واسا کی جانب سے ڈرینوں کی ڈی سلٹنگ کے بعد ان پر کور نصب کیے جائیں گے ۔ اسی طرح فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے بجلی کی کیبلز زیر زمین منتقل کرنے کے لیے کام شروع کر دیا ہے ۔
گھنٹہ گھر کے اطراف سرکل میں عمارتوں کے فرنٹ حصوں کی خوبصورتی پر بھی کام جاری ہے ۔کمشنر مسرت جبیں نے ہدایت کی کہ جھنگ بازار اور امین پور بازار کی بیوٹیفکیشن منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق مقررہ مدت میں مکمل کی جائے ۔ انہوں نے ضلع کونسل چوک سے کچہری بازار چوک تک جاری خوبصورتی کے منصوبوں کا بھی معائنہ کیا اور تعمیراتی معیار برقرار رکھنے کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے دوران شہریوں کے حقوق اور سہولت کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے ۔
بعد ازاں کمشنر نے 66 فٹا بازار منصور آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری بیوٹیفکیشن منصوبے کے بعض کاموں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے میونسپل کارپوریشن کو تعمیراتی معیار کی تھرڈ پارٹی جانچ کرانے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments