ڈیوائڈر پرگرین بیلٹ کی بجائے ٹف ٹائلیں لگانے کا کام شروع
ڈیوائڈر پرگرین بیلٹ کی بجائے ٹف ٹائلیں لگانے کا کام شروع ڈیوائڈر پر اصل منصوبے کے مطابق گرین بیلٹ قائم کی جائے ، شہریوں کا مطالبہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سٹی بیوٹیفیکیشن منصوبے کے تحت سٹی روڈ اور کچہری بازار کے درمیان قائم ڈیوائڈر پر گرین بیلٹ کی بجائے ٹف ٹائلیں بچھانے کے معاملے پر شہریوں نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ،ذرائع کے مطابق منصوبے کے تحت ڈیوائڈر پر پودے ، گھاس اور دیگر ہریالی لگانے کے لیے ہارٹیکلچر ایجنسی کو ایک کروڑ 66 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے تھے ، تاہم مبینہ طور پر منصوبے میں تبدیلی کرتے ہوئے گرین بیلٹ کی بجائے ٹف ٹائلیں لگانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مقصد کے لیے ڈسٹرکٹ کونسل کے فنڈز سے تقریباً 25 کروڑ روپے بھی مختص کیے گئے ہیں،شہریوں کا مؤقف ہے کہ منصوبے میں تبدیلی کس کی ہدایت پر کی گئی اور گرین بیلٹ جیسے نسبتاً کم لاگت اور ماحول دوست منصوبے کو چھوڑ کر زیادہ لاگت والے ٹف ٹائل منصوبے کو کیوں ترجیح دی گئی، گرین بیلٹ سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوتا بلکہ درجہ حرارت میں کمی، ماحول کی بہتری اور بارش کے پانی کے قدرتی جذب ہونے میں بھی مدد ملتی، جبکہ ٹف ٹائلیں گرمی کی شدت میں اضافے اور بارشی پانی کی نکاسی کے مسائل کا سبب بن سکتی ہیں،شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبے میں تبدیلی کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments