تجارتی نمائشوں کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائیگا:پروفیسر ڈاکٹر زاہد
بنگلہ دیش کے وزیرکاسرگودھا چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے وفدسے ملاقات پراظہارخیال
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)بنگلہ دیش کے وزیر برائے خواتین و بچوں کے امور پروفیسر ڈاکٹر زاہد حسین نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش پاکستانی آم، کینو، چاول، دالوں، پھلوں اور سبزیوں کیلئے بڑی منڈی ہے جبکہ پاکستانی تاجروں کیلئے ڈھاکہ سمیت ملک بھر میں تجارتی نمائشوں (ایکسپو) کے انعقاد، سہولیات فراہمی اور بڑی تجارتی کمپنیوں سے براہِ راست ملاقاتوں کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بات فروٹ اینڈ ویجیٹیبل پاکستان کے سینئر رکن اور وزارتِ تجارت پاکستان کے ہارٹیکلچر ایکسپورٹ ڈائریکٹر چوہدری شعیب بسرا، سرگودھا چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے صدر حسن یوسف اور ان کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔پروفیسر ڈاکٹر زاہد حسین نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مختلف مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط ہو چکے ہیں، جن کا مقصد دوطرفہ تجارت، برآمدات کے فروغ اور سالانہ تجارتی حجم میں نمایاں اضافہ کرنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آم کی 100 سے زائد اقسام پیدا ہوتی ہیں، جن میں ہر قسم اپنے منفرد ذائقے اور اعلیٰ معیار کی حامل ہے ، جبکہ پاکستانی آم عالمی سطح پر اپنی الگ پہچان رکھتے ہیں اور بنگلہ دیش میں ان کی بھرپور طلب موجود ہے ۔اس موقع پر چوہدری شعیب احمد بسرا نے کہا کہ حکومتِ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستانی تاجروں کو نئی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی۔سرگودھا چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے صدر حسن یوسف سے گفتگو کرتے ہوئے بنگلہ دیشی وزیر نے کہا کہ بنگلہ دیش کے دروازے پاکستانی تاجروں کے لیے کھلے ہیں۔ پاکستانی تاجر جب بھی اپنی مصنوعات کی تشہیر اور فروغ کے لیے بنگلہ دیش میں تجارتی نمائشوں کا انعقاد کرنا چاہیں، بنگلہ دیش حکومت انہیں ہر ممکن تعاون اور تمام ضروری سہولیات فراہم کرے گی۔ملاقات کے اختتام پر وفد نے پروفیسر ڈاکٹر زاہد حسین کو پاکستان کے مشہور آم بطور تحفہ پیش کیے ۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش کے وزیراعظم کو بھی پاکستانی آم بے حد پسند ہیں اور انہیں بھی یہ آم پہنچا دیے جائے گئے ۔ بعد ازاں وفد کے تمام ارکان کا بنگلہ دیشی وزیر سے باقاعدہ تعارف بھی کرایا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments