جامعہ سرگودھااور بائر لمیٹڈ میں زرعی تحقیق، غذائی تحفظ کامعاہدہ

 جامعہ سرگودھااور بائر لمیٹڈ میں زرعی تحقیق، غذائی تحفظ کامعاہدہ

مشترکہ تحقیقی منصوبوں، زرعی شعبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ملکر کام کیاجائیگا

 سرگودھا(سٹاف رپورٹر)یونیورسٹی آف سرگودھا اور بائر پاکستان (پرائیویٹ)لمیٹڈ کے درمیان زرعی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور غذائی تحفظ کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے ۔معاہدے کے تحت دونوں ادارے زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے مشترکہ تحقیق اور عملی منصوبوں پر کام کرینگے ۔باہمی تعاون  کے دائرہ کار میں فصلوں کا تحفظ، جدید بائیوٹیکنالوجی، جدید زرعی ٹیکنالوجیز اور پائیدار زرعی طریقہ کار سے متعلق اقدامات شامل ہوں گے ۔بائر پاکستان کی جانب سے کسی پاکستانی جامعہ کے ساتھ یہ اپنی نوعیت کا پہلا باضابطہ اشتراک ہے ۔معاہدے پر عمل درآمد اور مشترکہ سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے ایک مشترکہ مشاورتی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے ۔ یونیورسٹی آف سرگودھا کی جانب سے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر کامران جبکہ بائر پاکستان کی جانب سے مارکیٹ ڈیولپمنٹ ریسرچر عفت نسیم کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے ۔مفاہمتی یادداشت پر یونیورسٹی آف سرگودھا کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس اور بائر پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر و چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی نے دستخط کیے ۔تقریب میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، یونیورسٹی کے ڈینز اور ڈائریکٹرز کے علاوہ بائر پاکستان کے کنٹری ہیڈ اور مقامی قیادت کے ارکان نے شرکت کی۔ چیئرمین شعبہ ایگرانومی پروفیسر ڈاکٹر اطہر ندیم اور بائر پاکستان کے مارکیٹ ڈیولپمنٹ لیڈ عامر اقبال نے معاہدے پر بطور گواہ دستخط کیے ۔اس اشتراک کے تحت دونوں ادارے مشترکہ تحقیقی منصوبوں، صنعت اور جامعہ کے درمیان روابط کے فروغ اور پاکستان کے زرعی شعبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قابلِ عمل اور تحقیق پر مبنی حل کی تیاری کے لیے مل کر کام کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...