سرگودھا اور گردونواح میں شہری بجلی بندش سے پریشان
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)شہر اور گردونواح میں بجلی کی بار بار بندش اور آنکھ مچولی نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔
مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بجلی غائب ہونے کے باعث نہ صرف رات کا سکون اور دن کا چین متاثر ہو رہا ہے بلکہ بجلی کے اچانک آنے اور جانے سے الیکٹرانک آلات کو بھی نقصان پہنچنے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں،ذرائع کے مطابق شہر کے متعدد علاقوں میں کئی روز سے بجلی کی غیر اعلانیہ بندش اور بار بار ٹرپنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ حبس کے موسم میں بجلی کی بار بار بندش نے گھریلو صارفین، بزرگوں، بچوں اور کاروباری طبقے کو شدید پریشانی سے دوچار کر دیا ہے ،شہریوں کا کہنا ہے کہ بار بار وولٹیج میں اتار چڑھاؤ اور بجلی کی آنکھ مچولی کے باعث فریج، اے سی، پنکھوں اور دیگر برقی آلات کے خراب ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ ، جبکہ کئی صارفین اپنے الیکٹرانک سامان کو نقصان پہنچنے کی شکایات بھی کر رہے ہیں متاثرہ شہریوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سرگودھا میں بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے اور اگر کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی سامنے آئے تو ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments