فضل الرحمان اپنے الفاظ پر قوم سے معذرت کریں ، شازیہ بانو
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی ضلعی جنرل سیکرٹری شازیہ بانو نے کہا ہے کہ سیاسی قیادت کو اپنے بیانات میں ذمہ داری، شائستگی اور قومی مفاد کو ہمیشہ مقدم رکھنا چاہیے ۔
مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان سے عوام کے ایک بڑے طبقے کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، اس لیے مناسب ہوگا کہ وہ اپنے الفاظ پر قوم سے معذرت کریں تاکہ سیاسی ماحول میں پیدا ہونے والی تلخی کا ازالہ ہو سکے ۔اپنے جاری کردہ بیان میں شازیہ بانو نے کہا کہ قومی شخصیات اور حساس قومی معاملات پر اظہارِ خیال کرتے وقت تحمل، بردباری اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنا ہر سیاسی رہنما کی ذمہ داری ہے ۔ غیر محتاط بیانات نہ صرف سیاسی ماحول میں کشیدگی کو ہوا دیتے ہیں۔
بلکہ عوام کے جذبات کو بھی متاثر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے جمہوری نظام کا حسن ہے اور ہر سیاسی جماعت کو اپنی رائے کے اظہار کا مکمل حق حاصل ہے ، تاہم تنقید کا انداز ایسا ہونا چاہیے جو شائستگی، اخلاق اور باہمی احترام کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو۔شازیہ بانو نے تمام سیاسی و مذہبی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ قومی یکجہتی، سیاسی برداشت، باہمی احترام اور مثبت سیاسی روایات کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں، کیونکہ مضبوط اور متحد پاکستان ہی ہم سب کی مشترکہ منزل ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments