حکومت بغض عمران میں میانوالی کو نقصان پہنچا رہی ‘جمال احسن
حکومت بغض عمران میں میانوالی کو نقصان پہنچا رہی ‘جمال احسن کارڈیک اور نیورو کی نئی عمارت بھی ختم کر دی ،چائلڈ ہسپتال کا بھی ستیاناس کر دیا
میانوالی (نامہ نگار)رکن قومی اسمبلی جمال احسن خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اور مرکزی حکومت بغض عمران خان میں ضلع میانوالی کے ترقیاتی منصوبوں کو نقصان پہنچا کر عوام کیلئے تکالیف پیدا کر رہی ہیں۔ میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے ایم این اے جمال احسن خان کا کہنا تھا کہ خاص مقصد کے لیے بنائے گئے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کو ڈی ایچ کیو ہسپتال اور پھر ٹیچنگ ہسپتال میں تبدیل کرنا بڑی زیادتی ہے کیونکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کی اپنی عمارت تزئین و آرائش کے بعد کافی بہتر ہوچکی تھی اور ساتھ ہی سو بستروں کی کارڈیک اور نیورو کی نئی عمارت بھی تعمیر ہو رہی تھی لیکن پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کے بعد اس منصوبے کو ختم کر دیا گیا اور اب مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا بھی ستیاناس کر دیا گیا ہے ۔
ڈی ایچ کیو ہسپتال کی پرانی عمارت میں میڈیکل کالج بنانے کی بجائے نئی عمارت بنائی جاتی تو کہیں بہتر تھا۔ ایک سوال کے جواب میں جمال احسن خان کا کہنا تھا کہ تحصیل عیسیٰ خیل کی خٹک بیلٹ کے مکینوں کیلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کو بھی پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کے بعد نقصان پہنچایا گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی آف میانوالی کو بھی اس معیار کے مطابق نہیں چلایا جا رہا جو اس کا حق بنتا تھا۔ اس یونیورسٹی میں ضلع میانوالی کے مطابق زراعت، معدنیات اور لائیو سٹاک کے شعبے بھی قائم کیے جائیں۔ ایک سوال کے جواب میں رکن قومی اسمبلی جمال احسن خان کا کہنا تھا کہ جو بات عمران خان چند سال پہلے کر چکے تھے وہی بات طاقت ور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اب کھل کر کی ہے اور نظام کی تباہی اور ناکامی کا اعتراف کیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی نظام تبھی چل سکتا ہے جب حکومت عوام کے حقیقی منتخب نمائندوں کے حوالے کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے اس نعرے کے مطلب سے بھی شاید واقف نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments