ٹی ایچ کیو ہسپتال سلانوالی ، سینی ٹیشن ملازمین تنخواہوں سے محروم

ٹی ایچ کیو ہسپتال سلانوالی ، سینی ٹیشن ملازمین تنخواہوں سے محروم

ٹی ایچ کیو ہسپتال سلانوالی ، سینی ٹیشن ملازمین تنخواہوں سے محروم 6 ملازمین نوکری چھوڑ کر روزگار کے متبادل ذرائع تلاش کرنے پر مجبور ہوگئے

سلانوالی (نمائندہ دنیا )ٹی ایچ کیو ہسپتال سلانوالی کے سینیٹیشن ملازمین گزشتہ چار ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں، جس کے باعث غریب سینٹری ورکرز کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے جبکہ دکانداروں نے بھی ادھار سودا سلف دینا بند کردیا ہے ۔ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث 21 سینٹری ورکرز میں سے 6 ملازمین نوکری چھوڑ کر روزگار کے متبادل ذرائع تلاش کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ٹی ایچ کیو ہسپتال سلانوالی کے سینیٹیشن ملازمین کو ماہ مئی، جون، جولائی اور اگست کی تنخواہیں تاحال ادا نہیں کی گئیں۔ چار ماہ سے اجرت نہ ملنے کے باعث غریب ملازمین اور ان کے اہلخانہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں اور انہیں دو وقت کی روٹی کے حصول میں بھی دشواری کا سامنا ہے ۔متاثرہ ملازمین کے مطابق وہ اپنے محلوں کی دکانوں سے ادھار سودا سلف لے کر گھروں کا نظام چلا رہے تھے ، تاہم اب دکانداروں نے بھی مزید ادھار دینے سے انکار کردیا ہے ۔ دوسری جانب بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی پر بعض سینٹری ورکرز کو واپڈا کی جانب سے کنکشن منقطع کرنے کے نوٹس بھی موصول ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ٹی ایچ کیو ہسپتال سلانوالی میں تعینات 21 سینٹری ورکرز میں سے 6 ملازمین نے چار ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث نوکری چھوڑ دی ہے اور ذریعہ معاش کے لیے متبادل روزگار اختیار کرلیا ہے ۔متاثرہ ورکرز نے الزام عائد کیا ہے کہ کنٹریکٹر کی جانب سے انہیں مبینہ طور پر دھمکی دی گئی ہے کہ اگر کسی نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف آواز اٹھائی یا احتجاج کیا تو اسے فوری طور پر ملازمت سے فارغ کرنے کے ساتھ گزشتہ تنخواہیں بھی ضبط کرلی جائیں گی۔سلانوالی کے سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور محکمہ صحت کے اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال سلانوالی کے سینیٹیشن ملازمین کی چار ماہ کی زیرِ التوا تنخواہیں فوری ادا کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ غریب ورکرز اور ان کے خاندانوں کو درپیش مالی مشکلات کا ازالہ ہوسکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...