ایف اے انگلش پیپرز کی چیکنگ میں سنگین بے ضابطگی

ایف اے انگلش پیپرز کی چیکنگ میں سنگین بے ضابطگی

ایف اے انگلش پیپرز کی چیکنگ میں سنگین بے ضابطگی 1500 سے زائد فیل طلبہ دوبارہ جانچ میں پاس،6 ہزار پیپر دوبارہ چیک ہوئے

سرگودھا (سٹاف رپورٹر ) تعلیمی بورڈ سرگودھا میں ایف اے انگلش کے پیپرز کی چیکنگ میں سنگین بے ضابطگی سامنے آنے کے بعد ہزاروں طلبہ کے مستقبل پر سوالات اٹھ گئے ۔ صرف ایک پروفیسر کی جانب سے چیک کیے گئے پیپرز کی دوبارہ جانچ کے دوران 1500 سے زائد ایسے طلبہ پاس ہوگئے جنہیں پہلی چیکنگ میں انگلش کے مضمون میں فیل قرار دیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق بھاگٹانوالہ ہائیر سیکنڈری سکول کے پروفیسر مظہر نے ایف اے انگلش کے پیپرز چیک کیے تھے ۔ چند پیپرز کی دوبارہ جانچ کے دوران نمبروں میں فرق سامنے آنے پر بورڈ ماہرین نے معاملے کی سنگینی کے پیش نظر تمام 6 ہزار پیپرز دوبارہ چیک کرانے کا فیصلہ کیا۔

دوبارہ چیکنگ کے نتائج نے پہلی جانچ پر مزید سوالات کھڑے کردیئے ، ذرائع کے مطابق پہلی چیکنگ میں انگلش کے مضمون میں فیل قرار دیئے گئے 1500 سے زائد طلبہ دوبارہ جانچ میں پاس ہوگئے ۔ معاملہ سامنے آنے پر بورڈ انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر تمام پیپرز کی دوبارہ چیکنگ مکمل کرائی، جو تقریباً 40 ماہرین کی مدد سے 10 گھنٹے میں مکمل کی گئی۔کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر نذر عباس نے بتایا کہ پیپرز کی چیکنگ میں ناقص طریقہ کار اختیار کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے ، جس کا مقصد مبینہ طور پر زیادہ معاوضہ حاصل کرنا تھا۔

غفلت کے مرتکب پروفیسر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ڈاکٹر نذر عباس کے مطابق ہزاروں طلبہ کے مستقبل سے متعلق اس غفلت کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔ معاملے سے حکومت پنجاب، وزیر تعلیم، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور دیگر متعلقہ حکام کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے اور ذمہ دار کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔ ۔کنٹرولر امتحانات کے مطابق دوبارہ چیکنگ کے بعد رزلٹ کی تیاری جاری ہے اور ایف اے کا حتمی نتیجہ 23 ستمبر کو جاری کیا جائے گا۔ بورڈ انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ طلبہ کے حقوق کے تحفظ اور ذمہ دار کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...