ڈمپنگ پوائنٹ علاقہ مکینوں کے لیے وبال جان بن گیا
ڈمپنگ پوائنٹ علاقہ مکینوں کے لیے وبال جان بن گیاگندگی کے باعث علاقے میں تعفن پھیلنے سے شہریوں کو شدید مشکلات
بھیرہ(نامہ نگار)حضور پور زیریں میں رہائشی آبادی کے قریب ستھرا پنجاب کی جانب سے قائم کیا گیا ڈمپنگ پوائنٹ علاقہ مکینوں کے لیے وبال جان بن گیا۔ صفائی کے ناقص انتظامات، کوڑا کرکٹ پانی میں پھینکے جانے اور گندگی کے باعث علاقے میں تعفن پھیلنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے تحصیل بار بھیرہ کے سابق صدر محمد شاہد القمر بھٹی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ڈمپنگ پوائنٹ کی بروقت صفائی نہ ہونے کے باعث گندگی کے ڈھیر جمع ہو رہے ہیں، جبکہ کوڑا پانی میں پھینکے جانے سے اٹھنے والے تعفن نے ملحقہ آبادی کے مکینوں کا جینا محال کر دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بدبو اور آلودگی کے باعث بچوں، بزرگوں اور خواتین کو مختلف بیماریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، جبکہ عام شہری بھی شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔انہوں نے کہا کہ صورتحال مزید سنگین اس وقت ہو گئی ہے جب ستھرا پنجاب کے عملہ صفائی نے کوڑا کرکٹ راستے پر پھینکنا شروع کر دیا ہے ، جس سے گزرگاہ میں رکاوٹ پیدا ہونے کے ساتھ آمدورفت بھی متاثر ہو رہی ہے ۔ محمد شاہد القمر بھٹی ایڈووکیٹ نے اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ نمرہ اویس اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈمپنگ پوائنٹ کی فوری صفائی کروا کر گندگی کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا جائے اور رہائشی آبادی کو درپیش مشکلات کا مستقل حل نکالا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments