مریضوں کو بیڈ پر ادویات فراہم کی جائیں:کمشنر فیصل آباد
کمشنر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال چنیوٹ کی ڈائیلسز وارڈ، میڈیکل ایمرجنسی کا دورہ کیا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ہدایت کی ہے کہ ڈویژن بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں زیرعلاج مریضوں کو ادویات ان کے متعلقہ وارڈ کے بیڈ پر ہی فراہم کی جائیں تاکہ مریضوں اور لواحقین کو ہسپتال کی فارمیسی کے چکر نہ لگانے پڑیں اور علاج کا عمل بلا تعطل جاری رہے ۔انہوں نے یہ ہدایت ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال چنیوٹ کے دورے کے دوران مختلف وارڈز میں مریضوں کی عیادت اور انہیں ادویات کی فراہمی کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہوئے جاری کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان اور دیگر افسر بھی موجود تھے ۔کمشنر فیصل آباد نے ڈائیلسز وارڈ، میڈیکل ایمرجنسی اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کنسلٹنٹ کی تجویز کے بغیر کسی مریض کو بلاوجہ دوسرے ہسپتال ریفر نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ مریضوں کو دوسرے ہسپتالوں میں ریفر کیے جانے کی وجوہات کا تعین کیا جائے ۔ اگر کسی مشینری کی عدم دستیابی کے باعث ریفرل کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے تو مطلوبہ مشینری کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے ۔ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا کہ محکمہ صحت میں وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات کے ثمرات عام مریضوں تک بلا تعطل پہنچانے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی کا معیار بھی ہر وقت برقرار رکھنے کی تاکید کی۔کمشنر فیصل آباد نے چنیوٹ فیصل آباد دورویہ شاہراہ کی تعمیراتی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور ہائی ویز حکام سے موقع پر بریفنگ لی۔ انہوں نے کہا کہ چنیوٹ فیصل آباد روڈ کی تعمیر دیرینہ عوامی مطالبہ تھا جسے تیزی سے مکمل کرایا گیا ہے ، تاہم فنشنگ ورک بھی بلا تاخیر مکمل کیا جائے تاکہ شہری اس میگا پراجیکٹ کے ثمرات سے مکمل طور پر مستفید ہو سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments