وی سی یونیورسٹی آف سرگودھا کی چیئرمین ایچ ای سی سے ملاقات
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر تصور حیات نے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد سے ملاقات کی۔
چیئرمین ایچ ای سی نے وائس چانسلر کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی تقرری پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں وائس چانسلر نے یونیورسٹی آف سرگودھا میں تعلیمی معیار، تحقیق، ٹیکنالوجی کے استعمال اور انتظامی نظام میں بہتری کے حوالے سے ترجیحات پر بریفنگ دی۔ پروفیسر ڈاکٹر تصور حیات نے کہا کہ یونیورسٹی میں تعلیمی ترقی کو صرف نئے پروگرامز کے اجرا تک محدود رکھنے کے بجائے تدریس کے معیار، طلبہ کی تعلیمی استعداد اور عملی نتائج میں بہتری سے منسلک کیا جائے گا۔ نصاب اور تعلیمی پروگرامز کا موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق مسلسل جائزہ لینے کے ساتھ اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے اور تحقیقی ماحول کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ تحقیق کو معاشرے اور معیشت کے حقیقی مسائل سے زیادہ مربوط کیا جانا چاہیے جبکہ بین الشعبہ تحقیق، جامعات کے درمیان تحقیقی روابط اور ایسے منصوبوں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے جو علمی اضافے کے ساتھ عملی مسائل کے حل میں بھی معاون ثابت ہوں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا استعمال تعلیمی و انتظامی امور کو آسان، تیز اور شفاف بنانے کے لیے کیا جانا چاہیے اور اس مقصد کے لیے مؤثر ڈیجیٹل نظام وضع کرنے کی ضرورت ہے ۔
ملاقات میں یونیورسٹی آف سرگودھا، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور دیگر جامعات کے درمیان تحقیقی و تعلیمی تعاون بڑھانے ، مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں، اساتذہ و طلبہ کی استعداد کار میں اضافے اور علمی تجربات کے تبادلے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے تعلیمی معیار، تحقیقی استعداد، ادارہ جاتی کارکردگی اور جامعات کے باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اقدامات میں ایچ ای سی کی معاونت اور سہولت کاری کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامعات کے درمیان مؤثر رابطے اور مشترکہ کاوشوں کی اہمیت پر زور دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments