ڈویژنل ریسکیو چیلنج، سرگودھا ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ہنگامی حالات میں بروقت امداد اور پیشہ ورانہ مہارت کے عملی امتحان پر مشتمل سرگودھا ڈویژن ریسکیو چیلنج میں ریسکیو 1122 سرگودھا کی ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر کی ریسکیو ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، جس میں اہلکاروں نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عملی مہارت اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔ ہیڈکوارٹرز کی ہدایات پر ریسکیو سب اسٹیشن خوشاب روڈ سرگودھا میں منعقد ہونے والے ڈویژنل ریسکیو چیلنج میں چاروں اضلاع کی ٹیموں نے مختلف عملی مراحل میں حصہ لیا۔ مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کا میرٹ کی بنیاد پر جائزہ لے کر سرگودھا ڈویژن کی حتمی ٹیم تشکیل دی گئی۔ جو 5 سے 8 اکتوبر تک ایمرجنسی سروسز اکیڈمی لاہور میں منعقد ہونے والے نیشنل ریسکیو چیلنج میں سرگودھا ڈویژن کی نمائندگی کرے گی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مظہر شاہ نے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ریسکیو چیلنجز اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو جانچنے اور عملی مہارت و ٹیم ورک بہتر بنانے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ ایسی سرگرمیوں سے ریسکیورز ہنگامی حالات میں زیادہ منظم، تیز رفتار اور مؤثر انداز میں شہریوں کو امداد فراہم کرنے کے لیے مزید تیار ہوتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments