ای بز پورٹل کے نفاذ کے باوجود کاروباری افراد کو مشکلات

ای بز پورٹل کے نفاذ کے باوجود  کاروباری افراد کو مشکلات

سرگودھا (سٹاف رپورٹر) سرگودھا ڈویژن میں کاروباری افراد کو سہولیات کی فراہمی اور سرکاری محکموں کے چکروں سے نجات دلانے کے لیے ای بز پورٹل کے مؤثر نفاذ کی ہدایات تو جاری کی جا رہی ہیں۔

تاہم زمینی سطح پر مسائل کے حل اور عملی اقدامات میں پیش رفت نہ ہونے پر کاروباری حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات پر کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاسوں میں زیر التوا کیسز فوری نمٹانے ، کنڈونیشن فیس کے معاملات پر کارروائی، مختلف نوعیت کے این او سیز کے اجرا میں تاخیر ختم کرنے اور ڈیجیٹل نظام کے نفاذ کے لیے متعدد بار ہدایات جاری کی گئیں۔ تاہم کاروباری افراد کو تاحال مشکلات کا سامنا ہے ۔کاروباری حلقوں کے مطابق ڈیجیٹل نظام کے ابتدائی نقائص اور حکومتی ایپس تک متعلقہ عملے کی رسائی نہ ہونے کے باعث سرمایہ کاروں کو مختلف امور کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر لگانا پڑ رہے ہیں۔ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد بھی دفتری رکاوٹوں اور انتظامی تاخیر سے پریشان ہیں۔

کاروباری افراد نے سوال اٹھایا ہے کہ زیر التوا کیسز نمٹانے ، این او سیز کے اجرا میں تاخیر ختم کرنے اور غیر ضروری دفتری رکاوٹیں دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کب کیے جائیں گے ؟ کیا ان امور کی تکمیل کے لیے کوئی مؤثر ٹائم فریم اور جواب دہی کا نظام بھی وضع کیا گیا ہے ؟ان کا کہنا ہے کہ کاروباری برادری کو محض اجلاسوں، مشاورت اور ہدایات کے بجائے ایسے عملی اقدامات کی ضرورت ہے جن سے فوری ریلیف ملے ، سرکاری امور میں تاخیر ختم ہو اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو سکے ۔ سائلین نے موجودہ کاروباری صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...