ریونیو اہداف ہر صورت مکمل کیے جائیں، افسروں کو ہدایت
ریونیو اہداف ہر صورت مکمل کیے جائیں، افسروں کو ہدایتزرعی اراضی کے واٹر ریٹ، کنڈونیشن فیس اور دیگر متعلقہ معاملات کا تفصیلی جائزہ
خوشاب (نمائندہ دنیا) ضلع خوشاب میں ریونیو ریکوری کی صورتِ حال اور پنجاب لینڈ ریکارڈ سے متعلق امور کا جائزہ لینے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خرم حمید کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسسٹنٹ کمشنر خوشاب امت السلام، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ سنٹر جوہرآباد مہر احمد زیب، انچارج لینڈ ریکارڈ سنٹر سحرش، پلس افسران اور ریونیو سے متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ریونیو ریکوری، ماہانہ کارکردگی، پنجاب بورڈ آف ریونیو کے قواعد و ضوابط اور پالیسی کے مطابق امور کی انجام دہی، رجسٹریوں، فردات، انتقالات، مواضعات کی آن لائن دستیابی، زرعی اراضی کے واٹر ریٹ، کنڈونیشن فیس اور دیگر متعلقہ معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر خوشاب اور دیگر ریونیو افسران نے وصولیوں، جی پی ایس اور سروے رپورٹس کی بنیاد پر موصول ہونے والی درخواستوں، نئے نوٹیفکیشن کے بعد رجسٹریوں کی پیش رفت اور خسرہ جات و مواضعات سے متعلق امور پر بریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خرم حمید نے ہدایت کی کہ ضلع کی چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ریونیو افسران رواں مالی سال کے مقررہ ریونیو اہداف ہر صورت مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ریونیو افسران فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں، کارکردگی پر خصوصی توجہ دیں اور ریونیو ریکوری بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کو ریونیو سے متعلق خدمات کی فراہمی میں سہولت دی جائے اور تمام معاملات قواعد و ضوابط کے مطابق شفاف انداز میں انجام دیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریونیو امور میں غفلت، سستی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ افسران کو مقررہ اہداف کے حصول کے ساتھ ریونیو معاملات ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے اور کارکردگی مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments