سرگودھا میں انڈسٹریل زون فیز ٹو کے قیام پر غور
سرگودھا میں انڈسٹریل زون فیز ٹو کے قیام پر غورصنعتی ترقی کے امکانات اور اس ضمن میں درپیش امور کا جائزہ لیا گیا
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت سرگودھا میں انڈسٹریل زون فیز ٹو کے قیام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں مجوزہ صنعتی زون کے قیام، صنعتی ترقی کے امکانات اور اس ضمن میں درپیش امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن، ڈپٹی کمشنر سرگودھا، اسسٹنٹ کمشنر جنرل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز، اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا، ڈائریکٹر سمال انڈسٹریز، عامر عطاء باجوہ کی سربراہی میں سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان، متعلقہ محکموں کے افسران اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران سرگودھا میں انڈسٹریل زون کے دوسرے مرحلے کے قیام سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
شرکاء نے صنعتی سرگرمیوں کے فروغ، کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی اور صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ سرگودھا میں صنعتی ترقی کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے متعلقہ محکموں اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور باہمی مشاورت کے ذریعے انڈسٹریل زون فیز ٹو کے قیام سے متعلق امور کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ صنعتی شعبے کی ترقی سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور خطے کی مجموعی معاشی ترقی میں مدد مل سکتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments