سرگودھا کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں عملے کی شدید کمی
سرگودھا کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں عملے کی شدید کمی ڈاکٹرز کی عدم دستیابی کے باعث ہزاروں دیہات کے عوام کو مشکلات کا سامنا
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)سرگودھا کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں افرادی قوت کی کمی مریضوں کے لیے مشکلات میں اضافے کا سبب بننے لگی، بالخصوص ڈاکٹرز کی عدم دستیابی کے باعث ہزاروں دیہات کے عوام کو علاج معالجے کے حصول میں پریشانی کا سامنا ہے ۔ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ پروفیسرز، میڈیکل آفیسرز، نرسنگ اسٹاف اور دیگر میڈیکل و نان میڈیکل عملے کی 100 سے زائد آسامیاں گزشتہ کئی سال سے خالی پڑی ہیں، جس کے باعث ہسپتالوں میں طبی خدمات کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے ۔سرگودھا کے مختلف دیہات سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد روزانہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کا رخ کرتی ہے ، تاہم ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی کمی کے باعث متعدد مریضوں کو مطلوبہ علاج معالجے کی سہولیات میسر نہیں آتیں۔
اس صورتِ حال میں مریضوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال یا دیگر اضلاع کے طبی مراکز سے رجوع کرنا پڑتا ہے ، جس سے انہیں اضافی سفری اخراجات اور دیگر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں کی انتظامیہ اور ضلعی سول انتظامیہ کی جانب سے خالی آسامیوں پر تعیناتی کے لیے متعدد مرتبہ کوششیں کی جا چکی ہیں، تاہم تاحال صورتِ حال میں خاطر خواہ بہتری نہیں آ سکی۔ عملے کی کمی کے باعث طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق مسائل مسلسل بڑھ رہے ہیں۔عوامی حلقوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور دیگر ضروری عملے کی خالی آسامیوں پر فوری تعیناتی یقینی بنائی جائے۔ ، تاکہ دیہی علاقوں کے مریضوں کو ان کی دہلیز کے قریب معیاری علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments