
اسلام آباد: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) چیئرمین عمران خان کے زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس بنی گالہ میں شروع ہوا۔ اجلاس میں شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری، جاوید ہاشمی اور جہانگیر ترین سمیت دیگر رہنماء شریک ہوئے۔ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں آزادی مارچ سے متعلق پارٹی کی حکمت عملی کی منظوری دی گی جبکہ آزادی مارچ سے متعلق ملک بھر میں تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف کا آزادی مارچ ہر حال میں ہوگا اور 14 اگست سے پہلے حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں ہونگے۔ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو ہر صورت استعفیٰ دینا پڑے گا ۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ کے دوران جمہوریت ڈی ریل ہوئی تو اس کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔ عمران خان کی نظر بندی یا گرفتاری کی گئی تو شدید مزاحمت کرینگے جبکہ جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ مکمل طور پر پرامن ہوگا۔ حکومت نے اگر پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو یہ اس کی سب سے بڑی غلطی ہوگی۔
سے اہم مضامین پڑھیئے