کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات ، چودہ خوش نصیب امیدوار بلامقابلہ کامیاب

ملک بھر سے 130 حلقے انتہائی حساس اور 110 حلقوں کو حساس قرار دے دیا گیا ، 20 لاکھ سے زائد بیلٹ پیپرز چھاپے گئے

کراچی (دنیا نیوز ) ملک بھر کے کنٹونمنٹ میں اقتدار کی نچلی سطح پر منتقلی کیلئے آج انتخابات ہو رہے ہیں ۔ عوام کو سترہ سال بعد حق رائے دہی کا حق مل گیا ہے ۔ 199 وارڈز میں 1151 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے ۔ چودہ امیدوار پہلے ہی بلا مقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں ۔ ملک میں 17 سال بعد کنٹونمنٹ الیکشن ہورہے ہیں ۔ 42 کنٹونمنٹ بورڈز کے الیکشن میں 199 وارڈز پر 1151 امیدوار آمنے سامنے ہیں ۔ الیکشن کیلئے 20 لاکھ سے زیادہ بیلٹ پیپر چھاپے گئے ہیں ۔ کراچی میں سب سے زیادہ 32 وارڈز ہیں ۔ لاہور میں 20 وارڈز ، راولپنڈی ، چکلالہ ، واہ کینٹ ، سرگودھا اور حیدر آباد میں دس دس وارڈ ہیں ۔ سیالکوٹ ، پشاور ، اوکاڑہ ، کوئٹہ اور ایبٹ آباد میں پانچ پانچ وارڈز ہیں ۔ نوشہرہ میں چار ، کوہاٹ ، رسالپور اور بہاولپور میں تین تین وارڈز ہیں ۔ باقی کنٹونمنٹ دو ، دو وارڈز پر مشتمل ہیں ۔ 14 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں ، بلا مقابلہ منتخب ہونے والوں میں تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے دو ، دو اور مسلم لیگ ن کا ایک امیدوار شامل ہے جبکہ نو امیدوار آزاد حیثیت سے کامیاب ہوئے ہیں ۔ 18 لاکھ 76 ہزار ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔ 18 سیاسی جماعتوں کے 541 امیدوار انتخابات میں حصہ لینگے ۔ 610 آزاد امیدوار بھی انتخابی میدان میں ہیں ۔ تحریک انصاف کے سب سے زیادہ 133 امیدوار میدان میں ہیں ۔ مسلم لیگ ن 128 امیدواروں کیساتھ دوسرے نمبر پر ہے ۔ پیپلز پارٹی کے 89 ، جماعت اسلامی کے 74 ، ایم کیو ایم اور عوامی تحریک کے 27 ، 27 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں ۔ 130 حلقوں کو انتہائی حساس اور 110 حلقوں کو حساس قرار دیا گیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں