پاکستان ویمنز کی سیریز میں پہلی فتح، ونڈیز کو چوتھے میچ میں شکست

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ویمن ٹیم نے 5 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز میں پہلی فتح سمیٹتے ہوئے سیریز کے چوتھے میچ میں ویسٹ انڈیز ویمن کو 8 رنز سے شکست دیدی۔

ویسٹ انڈیز اورپاکستان کی ویمنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان چوتھا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا، ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکی اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 84 رنز بنا سکی۔

ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کی شیمین کیمبل 26 اور زیدا جیمز 19 رنز بنا کر نمایاں رہیں، پاکستان کی طرف سے سعدیہ اقبال اور ندا ڈار نے 3 ، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نشرہ سندھو اور رامین شمیم ایک، ایک وکٹ حاصل کر سکیں۔

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے 85 رنز کا ہدف 17 ویں اوور میں عبور کر لیا، سدرا امین 15 اور منیبہ علی 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں جبکہ عائشہ ظفر نے 42 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ ناقابل شکست رہیں جبکہ گل فیروزہ بھی 21 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں