کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن ، مرد و خواتین جوق در جوق انداز میں ووٹ کاسٹ کرنے آئے

مرد حضرات اپنے نمائندوں کے انتخاب میں پرجوش نظر آئے ، خواتین بھی مسائل کے حل کیلئے پرامید دکھائی دیں

کراچی (دنیا نیوز ) ملک بھر میں ہونے والے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں جہاں صحت مند اور نوجوان ووٹرز نے حصہ لیا وہیں عمر رسیدہ اور بوڑھے افراد بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لئے جوق در جوق پہنچے ۔ 17 سال بعد کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی الیکشن کا میلہ سجا تو جہاں صحت مند ، نوجوان مرد اور خواتین مختلف پولنگ سٹیشنز پر اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے قطار اندر قطار نظر آئے ، وہیں عمر رسیدہ معذور اور بوڑھے افراد بھی تمام تر مشکلات کے باوجود اپنے مقامی مسائل کے حل کے لئے اپنی اپنی پسند کے امیدواروں کو ووٹ ڈالنے جوق در جوق آئے ۔ کوئی آیا وہیل چیئر پر ، کوئی پہنچا لاٹھی ٹیکتا ہوا ، نوجوان بیٹے نے پہنچایا بوڑھے باپ کو پیٹھ پر اٹھا کر ، ہر ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے بعد مسکراتا نظر آیا ، مرد حضرات جہاں پر جوش دکھائی دیئے وہیں بوڑھی خواتین بھی پر عزم نظر آئیں ۔ کہیں تھیں لمبی قطاریں اور کہیں شناختی کارڈ کی چیکنگ ، پولنگ سٹیشن میں داخلے سے پہلے فوجی جوان دستاویزی ثبوت بھی دیکھتے رہے ۔ گرم موسم ، قطار میں انتظار اور پیرانہ سالی کے باوجود چلنے پھرنے سے معذور عمر رسیدہ مرد و خواتین ووٹرز اپنی قومی اور اخلاقی ذمہ داری پوری دیانت داری سے نبھانے پر کمر بستہ رہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں