نیپال :7.9 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی ، 150 سے زائد افراد ہلاک

کھٹمنڈو میں عمارتیں زمیں بوس ، سینکڑوں ملبے تلے دب گئے ، مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ، عوام خوف و ہراس میں مبتلا

کھٹمنڈو (دنیا نیوز ) نیپال میں سات اعشاریہ نو شدت زلزلے کے جھٹکوں نے تباہی مچا دی ۔ کٹھمنڈو میں درجنوں عمارتیں زمین بوس ہوگئیں ۔ قدرتی آفت کے نتیجے میں ڈیڑھ سو سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ۔ نیپال میں سات اعشاریہ نو شدت کے زلزلے نے ہر چیز تہس نہس کر دی ۔ کٹھمنڈو میں عمارتیں زمین بوس ہوگئیں ، سیکڑوں افراد ملبے تک دبے ہیں ، سڑکیں تباہ جبکہ مواصلاتی نظام کو بھی نقصان پہنچا ۔ مقامی افراد ریسکیو اہلکاروں اور فوج کے ساتھ مل کر ملبے تلے دبے لوگوں کو نکال رہے ہیں ۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے ۔ ہسپتال زخمیوں اور لاشوں سے بھر گئے ۔ ڈاکٹر ہسپتال کے باہر زخمیوں کو طبی امداد مہیا کر رہے ہیں ۔ نیپال میں واقع کئی تاریخی ٹاور اور مندر بھی گر گئے ، آفٹر شاکس کے ڈر سے لوگ کھلے آسمان تلے خوف و ہراس میں مبتلا ہیں ۔ زلزلے کے بعد ماؤنٹ ایورسٹ میں برفانی تودے گرے ہیں ۔ غیر ملکی ایجنسی کے مطابق متعدد کوہ پیماؤں کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے ۔ زلزلے کے بعد نیپال میں ائیر پورٹس بند کر کے پروازوں کا رخ بھارت کی جانب موڑ دیا گیا ۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز نیپال کے ضلع کاسکی کے ہیڈ کوارٹر پوکھرا کے مشرق میں 80 کلومیٹر دور کا علاقہ تھا ۔ دوسری طرف بھارت میں بھی سترہ سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جبکہ درجنوں افراد ملبے تلے دبنے کی وجہ سے زخمی ہوئے ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں