شناخت برقرار رکھنے کیلئے ہالی ووڈ میں جانا پڑا، پریانکا چوپڑا بالی ووڈ پر برس پڑیں

ممبئی: (ویب ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے انکشاف کیا ہے کہ ایک وقت ایسا آیا تھا جب اُنہیں ہندی فلم انڈسٹری میں بہت کم کام مل رہا تھا اور اِنہیں اپنی شناخت برقرار رکھنے کے لیے ہالی ووڈ کا رخ کرنا پڑا۔

بھارتی انفلوئینسر کی ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے پریانکا چوپڑا نے کہا کہ فلمی صنعت میں کام کرنا آسان نہیں، یہ سیاست اور تعلقات پر مبنی نظام ہے جہاں کامیابی عارضی ہوتی ہے۔

ان کے مطابق بالی ووڈ سے ہالی ووڈ جانے سے قبل اِنہیں محسوس ہو رہا تھا کہ ان کے پاس کام کے محدود مواقع ہیں اور وہ ذہنی، جذباتی اور جسمانی طور پر خود کو بچانے کے لیے نیا راستہ اختیار کرنا چاہتی تھیں۔

پریانکا چوپڑا نے 2012ء اور 2013ء میں اپنی میوزک کیریئر کے ذریعے ہالی ووڈ میں قدم رکھا اور 2015ء میں امریکی سیریز ’کوانٹیکو‘ سے اِنہیں بڑی کامیابی ملی۔

اداکارہ نے پوڈ کاسٹ کے دوران بتایا کہ پاپ اسٹار کے طور پر 2 سالہ دور اِن کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوا، وہ اسٹوڈیو میں پٹ بل اور دی چین اسموکرز جیسے فنکاروں کے ساتھ کام کرکے بے حد متاثر ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہندی فلموں میں وہ خود کو محدود اور بے سمت محسوس کر رہی تھیں جبکہ موسیقی نے انہیں نیا موقع فراہم کیا تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں