پاکستانی اداکار فواد خان بالی ووڈ میں دوسری اننگز کے لیے تیار

پاکستانی اداکار فواد خان بالی ووڈ میں دوسری اننگز کے لیے تیار

فلم کی کہانی بھارت، پاکستان، بنگلا دیش سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے گرد گھومتی ہے

ممبئی(نیٹ نیوز)پاکستانی اداکار فواد خان بالی ووڈ میں اپنی دوسری اننگز کے لیے تیار ہیں۔فواد خان کا شمار پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارتی فلم انڈسٹری کے بھی صف اول کے اداکاروں میں ہوتاہے ۔ فواد خان اب تک 3 بالی ووڈ فلموں کپور اینڈ سنز، اے دل ہے مشکل اور خوبصورت میں کام کرچکے ہیں۔ ان فلموں میں ان کی اداکاری کو بہت زیادہ سراہا گیا جبکہ بھارتی میڈیا میں آج بھی ان کی اداکارانہ صلاحیتوں اور پرکشش سراپے کے چرچے ہیں۔ بہترین اداکاری کے باعث فواد خان کو مزید بھارتی فلموں میں بطور مرکزی اداکار کاسٹ کیا گیا لیکن ہندوانتہا پسند وں کی دھمکیوں کے باعث پاکستانی فنکاروں کو بھارت چھوڑنا پڑا جس کے ساتھ انہیں اپنے ان تمام پراجیکٹس سے ہاتھ دھونا پڑے جو انہوں نے سائن کرلیے تھے ۔ جس کی مثال فلم کالاکاندی ہے جس میں فواد خان کی جگہ سیف علی خان کو کاسٹ کیا گیا۔ اب بھارتی میڈیا میں خبریں گردش کررہی ہیں کہ فواد خان کو بہت جلد ایک اور بھارتی فلم میں کاسٹ کئے جانے کا امکان ہے ۔ بھارتی مصنف پنکج دوبے اپنی کتاب ’’لوکری‘‘ پر فلم بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کی کہانی بھارت، پاکستان اور بنگلا دیش سے تعلق رکھنے والے تین نوجوانوں کے گرد گھومتی ہے جو برطانیہ میں ایک دوسرے سے ملتے ہیں۔ فلم میں پاکستانی نوجوان کیلئے فواد خان کو لئے جانے کا امکان ہے فلم میں عالیہ بھٹ بھی اہم کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں