حمید شیخ کی ہالی ووڈ فلم نومبر میں نمائش کیلئے پیش کی جائیگی
ٹی وی و فلم کے اداکار حمید شیخ ہالی ووڈکی فلم میں جلوہ گر ہونگے انکے ہمراہ بھارتی اداکار گلشن گروور نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے
کراچی (سٹاف رپورٹر) ٹی وی و فلم کے اداکار حمید شیخ ہالی ووڈکی فلم میں جلوہ گر ہونگے انکے ہمراہ بھارتی اداکار گلشن گروور نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے ۔ ہندو مسلم کشیدگی پر ہالی ووڈ کی فلم 'دی مین فرام کٹھمنڈو' کی شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے اور آئندہ ماہ نومبرمیں نمائش کیلئے اسے پیش کیا جائیگا ۔ اس فلم میں ہندو پنڈت کا کردار پاکستانی اداکار حمید شیخ اور مسلمان کا کردار بالی ووڈ کے سپر سٹار گلشن گروور ادا کر رہے ہیں۔ حمید شیخ کا کہنا ہے کہ انکی پرورش بین المذاہب ماحول میں ہوئی جس سے بھی اس قسم کے کردار ادا کرنے میں آسانی ہوتی ہے ۔ کوئٹہ میں میرے گھر کے ایک طرف مندر ، دوسری طرف پارسیوں کی کالونی اور عبادت کا سنٹر ہے ، اسی طرح گھر کے پیچھے احمدیوں کی واحد عبادت گاہ ہے ۔ ہمیں یہ ساری چیزیں بچپن میں دیکھنے کو ملیں۔ حمید شیخ کا کہنا ہے کہ ان کی کوشش ہے کہ پاکستان میں بھی اس کی نمائش ہو لیکن مشکل یہ ہے کہ یہاں صرف کمرشل فلمیں ہی چلتی ہیں۔واضح رہے اس فلم کے ڈائریکٹر پیما ڈھونڈو کا تعلق نیپال سے ہے ان کے والدین تبت سے نیپال آئے تھے جبکہ پیما نے امریکہ میں تعلیم حاصل کی اور وہیں اپنی فلم کمپنی ہالی ووڈ میں رجسٹرڈ کرادی۔