دہشتگرد زبردستی اپنی شرائط نہیں منوا سکتے:جنرل کیانی

دہشتگرد زبردستی اپنی شرائط نہیں منوا سکتے:جنرل کیانی

فوج دہشت گردی کے خلاف لڑنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، شرپسندوں کو مفاہمت کا ناجائز فائدہ نہیں اٹھانے د یں گے، فوجی افسران کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے دہشتگردوں کو ایجنڈا مسلط نہیں کرنے دینگے ، جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایاجائے گا، شہید فوجیوں کی قربانی اورجرأت کو سلام پیش کرتے ہیں، غم زدہ لواحقین کیساتھ ہیں،آرمی چیف

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی ،اے پی پی)پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہاہے کہ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف لڑنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، دہشت گردزبردستی اپنی شرائط نہیں منواسکتے ، دہشت گردوں کو ایجنڈا مسلط نہیں کرنے دینگے ، ان کیخلاف جنگ منطقی انجام پر پہنچائیں گے، سیاسی عمل کے ذریعے امن کو موقع دینا چاہئے لیکن شرپسندوں کو مفاہمت کا ناجائز فائدہ نہیں اٹھانے د یں گے، فوجی افسران کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے ، شہید فوجیوں کی قربانی اورجرأت کو سلام پیش کرتے ہیں، غم زدہ لواحقین کے ساتھ ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کو اپنے ایک بیان میں اپر دیر میں جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے افسران اورسپاہی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہاکہ دہشت گردی کیخلاف جنگ عوامی امنگوں کے مطابق جاری رہے گی اور اسے منطقی انجام پر پہنچائیں گے، دہشت گردوں کا ایجنڈا مسلط نہیں ہونے دیں گے، فوج دہشت گردی کے خلاف لڑنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نےکہا کہ میجر جنرل ثناء اللہ خان اور لیفٹیننٹ کرنل توصیف احمد اور سپاہی عرفان ستارنے اپنے فرض سے لگن اور اعلیٰ قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہادت کا رتبہ پایا، فوج سیاسی عمل کی حمایت جاری رکھے گی اور ہمیں سیاسی عمل کے ذریعے امن کو ایک موقع دینا ہوگا تاہم دہشت گردوں کو مفاہمت کا ناجائز فائدہ نہیں اٹھانے دیں گے،کسی کو یہ گمان نہیں ہونا چاہئے کہ دہشت گرد زبردستی اپنی شرائط منوالیں گے، فوجی افسران کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ شہداکے غم زدہ خاندانوں اور زخمیوں کے ساتھ ہیں،پاکستانی قوم اور فوج ان کی قربانیوں اورجرات کو سلام پیش کرتی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں