حضرت داتا گنج بخشؒ کا عرس شروع، لاکھوں زائرین کی حاضری

حضرت داتا گنج بخشؒ کا عرس شروع، لاکھوں زائرین کی حاضری

سکیورٹی کے سخت انتظامات ،115سکیورٹی کیمرے ،12واک تھر و گیٹس نصب

لاہور(سٹاف رپورٹر،جنرل رپورٹر )برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ حضرت علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش ؒ کا 971واں عرس شروع ہو گیا ۔عرس کی تین روزہ تقریبات کا باقاعدہ آغاز وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور عطا محمد مانیکا نے چادر چڑھاکرکیا ۔اس موقع پر اسحاق ڈار نے ملکی سلامتی کے لئے دعا بھی کی۔ان کے ہمراہ صوبائی وزیر بلال یاسین کے علاوہ سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور محمد حسن رضوی اور دیگر عقیدت مندوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریبات 13دسمبر تک جاری رہیں گی، پہلے روز لاکھوں زائرین نے حاضری دی۔ عرس کی تقریبات کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔عرس کے پہلے روز نماز فجر کے بعد قرآن خوانی ہوئی اور صبح سے نماز عشاء تک پانچ تبلیغی وروحانی اجتماعات ہوئے جن میں ملک کے ممتاز علما و مشائخ نے حضرت داتا گنج بخش ؒکی تعلیمات او رفیوض و برکات پر روشنی ڈالی جس کے بعد رات گئے تک قوالیوں کا سلسلہ جاری رہا ،خصوصی محفل ختم شریف رات 12 بجے اور رات ڈیڑھ بجے دعا ہو ئی ۔جبکہ عقیدت مندوں اور زائرین کی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں جن میں115 سکیورٹی کیمرے ،6 ایل سی ڈیزاور1700پولیس اہلکار دربار شریف کے مین گیٹس پر موجود ہیں ۔ زائرین کی سکیورٹی کے داخلہ کی جگہ پر12واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹر ز بھی لگائے گئے ۔ دربار شریف میں زائرین کی طبی امداد کے لیے میو ہسپتال، منشی ہسپتال اور داتا دربار کے ڈاکٹرز اور عملہ ادویات کے ساتھ موجود تھاجبکہ عقیدت مندوں اور زائرین میں دودھ تقسیم کیا گیا اسی طرح دربار سے باہر دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں۔ عرس میں دینی اور روحانی محافل اور علمی نشستوں کے انعقاد کے لئے 500 سے زائد مشائخ ،سجادگان،اکابرین، عالم دین و نعت خواں حضرات کو مدعو کیا گیا ہے ۔چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف محمد حسن رضوی نے بتایا کہ لنگر اور عرس کی دیگر تقریبات و انتظامات کے لئے 80 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ملک میں امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سکیورٹی کے خاص انتظامات کئے ہیں۔ مزار اور اس کے اطراف 115 سکیورٹی اور کلوز سرکٹ کیمرے نصب کئے گئے ہیں جن کے ذریعے تمام صورتحال کو 24 گھنٹے مانیٹر کیا جارہا ہے ۔عرس کی تقریبات کا سلسلہ آج دوسرے روز بھی جاری رہے گا جمعہ کی صبح سے نماز عشا ء تک مسجد داتا دربار میں پانچ تبلیغی و روحانی اجتماعات او رعلمی محافل ہو ں گی اور بعداز نماز عشاء محفل نعت ہوگی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں