دعا ہے ٹرمپ پاکستانیوں کے ویزے بھی بند کردے تاکہ ہم اپنا ملک ٹھیک کر لیں: عمران خان
پاکستان میں جینے اور مرنے والی حکومت آ گئی تو ہمیں کسی کی ضرورت نہیں رہے گی ، ملک کو ٹھیک اور اپنے پاؤں پر کھڑا کرلیا تو ہم بھی ایران کی طرح امریکیوں کے ویزے بند کر دینگے
سپریم کورٹ کا فیصلہ منظورمگرنوازشریف کی کرپشن قبول نہیں، لوٹا پیسہ واپس لانے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، چیئرمین پی ٹی آئی، مقابلہ کرینگے ،شاہ محمود،شیخ رشید، جلسہ سے خطاب ساہیوال(نمائندہ دنیا،دنیانیوز،ایجنسیاں )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے دعا کرتا ہوں ڈونلڈ ٹرمپ پاکستانیوں کے ویزے بند کردے ،ایسا ہونے کے بعد ہم اپنے ملک کو ٹھیک کرنے کی کوشش کریں گے ،پاکستان کا لوٹا گیا پیسہ واپس لانے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، 7مہینے پہلے قطری شہزادہ کہاں تھا، پاناما کیس سے پاکستان کے مستقبل کافیصلہ ہوگا، کیس کا فیصلہ کچھ بھی ہو پاکستان جیتے گا،سپریم کورٹ کا جوبھی فیصلہ ہوگا قبول کریں گے ،نوازشریف کی کرپشن کبھی قبول نہیں کریں گے ، ہمیں پاکستان کو ٹھیک اور اپنے پیروں پر کھڑا کرناہوگا،حکمران ملک کومقروض کررہے ہیں اور ان کی وجہ سے ہمیں دنیا بھر میں ذلت ملتی ہے ، کرپشن مافیا بیوروکریسی،سیاسی جماعتوں اورمیڈیا سمیت ہرجگہ موجود ہے ،ہمیں اس کو شکست دینی ہے ،نظام ٹھیک کر کے کرپشن ختم کردی تو عظیم قوم بن جائیں گے ،موٹو گینگ کے لوگ اپنے گھرجاتے ہیں تو ان کے بیوی بچے کہتے ہیں ہمیں شرمندہ کردیا ہے ، مودی نے پانی کی بندش سے متعلق مولاجٹ کا نعرہ لگایا،نریندر مودی ہرپاکستانی نوازشریف نہیں ہوتا،عنقریب قوم کو خوشخبری سننے کو ملی گی ۔اتوارکو ساہیوال میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا آپ کیلئے اپنے ملک کی اہمیت ہونی چاہیے ،پاکستان میں نوکری لینے کیلئے سفارش چاہیے ،پاکستان میں سرکاری نوکریاں بکتی ہیں ،جب سے ٹرمپ امریکہ کا صدر بنا ہے یہ سن رہے ہیں کہ پاکستانیوں کو شاید امریکہ کا ویزا نہ ملے ،ٹرمپ ہمارے ویزے روک دے پھر ہم اپنے ملک کو ٹھیک کریں گے ،آپ کو اندازہ نہیں پاکستان کتنی بڑی نعمت ہے ،سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے ،جو اقتدار میں آتے اور پیسہ لوٹ کر باہر لے جاتے ہیں ان کی وجہ سے ہمیں دنیا میں ذلت ملتی ہے ،ہمارے پاسپورٹ کی دنیا میں عزت نہیں،ایران ہمارے ساتھ والا ملک ہے ،جب ٹرمپ نے کہا کہ ہم ایران کے ویزے بند کردیں گے تو ایران نے کہا ہم امریکہ کے ویزے بند کردیں گے وہ خوددار قوم ہے ،قائداعظم نے کبھی کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلایا،کبھی کسی نے قائداعظم کی دیانت داری پر شک نہیں کیا ،قائداعظم کدھر نوازشریف کدھر ،بڑے بڑے ریکارڈ ٹوٹتے دیکھے ہیں،اتنے جھوٹ کے ریکارڈ ٹوٹتے نہیں دیکھے جتنے شریف خاندان نے جھوٹ کے ریکارڈ توڑے ہیں۔انہوں نے کہا سارے پاکستان میں پختونخوا کے ہسپتال مثال بنیں گے ،کے پی کے تعلیم کا نظام بہتر کررہاہے ، صوبے کی پولیس سب سے بہتر ہے ،پنجاب میں تواس وقت تک ایس ایچ او نہیں لگتا جب تک رائے ونڈ سے حکم نہیں آتا۔انہوں نے کہا حکومت نے کنویں سے گیس لینے کے بجائے قطر سے ایل این جی امپورٹ کی،قطر سے ایل این جی اس لیے درآمد کی تاکہ کمیشن لیا جاسکے ،خط دینے والا قطری حکمرانوں کا پارٹنر ہے ۔انہوں نے کہا پوری دنیا میں کول پاورپلانٹ بند ہورہے ہیں،یہاں کیوں لگائے جارہے ہیں؟،کول پاور پلانٹ میں حکمرانوں کو کمیشن ملتا ہے ،حکمران ملک کو لوٹ رہے ہیں، ان کی کرپشن ملک کو تباہ کر رہی ہے ، پہلی بار ملک کے وزیراعظم کی تلاشی لی جارہی ہے ،ہمیں بڑی سزا مل چکی ہے امریکیوں کو بھی سزا ملنے کی ضرورت ہے ، امریکی بھولے بھالے ہیں ٹرمپ کو صدر بنادیا،ہم نے بھی نوازشریف کو وزیراعظم بنارکھاہے ۔ انہوں نے کہا ہم کسانوں کیلئے کھاد،ٹیوب ویل زرعی ادویات کی قیمتیں کم کرینگے ،چھوٹا کسان جب کھڑا ہوتا ہے تو ملک بنادیتاہے ۔دنیانیوز کے مطابق انکا کہناتھا ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدر منتخب ہونے کے بعد شاید پاکستانیوں کو امریکی ویزے نہ ملیں ،دعا ہے ٹرمپ حقیقی معنوں میں پاکستانیوں کا ویزا بند کر دے ، پھر ہم اپنے ملک کو ٹھیک کریں گے ، عوام ان کے لئے دعا کریں کہ وہ کرپشن کے بادشاہ کا احتساب کر سکیں، جب تک کرپشن کا پیسہ ملک میں واپس نہیں آ جاتا میں نہیں رکوں گا ،پاکستان کے کمزور طبقے کو عدل وانصاف کی ضرورت ہے ،یہیں جینے اور مرنے والی حکومت آ گئی تو ہمیں کسی کی ضرورت نہیں رہے گی، ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ کسی سے امداد نہیں لینی،ہم امریکہ اور آئی ایم ایف سے قرضہ نہیں لیں گے ، کسانوں کی ایسی مدد کریں گے جیسے ہندوستان کی حکومت کرتی ہے ،نوجوانوں کو ایسا نظام دیں گے کہ وہ بے روز گار نہ ہوں ۔خبر نگار کے مطابق انہوں نے کہا آئندہ کرپشن کرنے سے قبل وزیراعظم 100دفعہ سوچے گا ،امریکیوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو صدر منتخب کرکے بڑی غلطی کی ہے جو اب امریکیوں کو بھگتنا ہوگی،پاکستانی بھی نوازشریف کو منتخب کرکے غلطی کی سزا بھگت رہے ہیں، وزیراعظم نوازشریف کے بچے اور ان کی جائیدادیں بیرون ملک ہیں وہ پاکستان کے کیسے وفا دار ہوسکتے ہیں ،ملک کو بھکاری بنا دیاگیاہے اور بھکاری کی دنیا میں کوئی عزت نہیں ہوتی ، نوازشریف نے جھوٹ بول کر مریم بی بی کو بھی رسوا کردیاہے ،پیسہ خود چوری کیا اور نام بچوں کا لکھوا دیا،آخری سانس تک کرپشن کے خلاف جدوجہد جاری رکھوں گا۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو خبردار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کاپانی بند کرنے کی غلطی نہ کرنا اورنہ پاکستانیوں کو نوازشریف سمجھنا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہاہم ثبوت دیتے ہیں،تم خط پر خط دیتے ہو،کیوں نہ قطرخط لکھ دوں،چٹھی میاں جی کے نام لکھ دو،پانا ماکیس آخری مراحل میں ہے ،دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونے والاہے ، کرپٹ حکمرانوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے ،عابد شیرعلی ہمارے ریڈار پر آگئے تو سونامی بہاکرلے جائے گا۔حکمران کچھ بھی کرلیں، اگلا میدان تحریک انصاف کا ہو گا۔ انہوں نے کہاخواجہ سعد رفیق کس کو لوہے کے چنے چبوانا چاہتے ہیں، کبھی چور چنے چبوا سکتا ہے ، وہ دانت توڑنے کی بات کرتے ہیں، ان کے اپنے دانت کھٹے ہونے والے ہیں۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے اپنے خطاب میں کہا پاناما کیس پاکستان کی زندگی اورموت کی جنگ ہے ،جس دن وزیر اعظم نوا زشریف سچ بولیں گے وہ ان کی سیاست کا آخری دن ہوگا،پورٹ قاسم پر ایل این جی کا منصوبہ حکمرانوں کا اپنا ہے ،شیخ رشید نے الزام لگایا کہ حکمران ان سے لال حویلی لینا چاہتے ہیں، انہوں نے اعلان کیا کہ لال حویلی سے صرف ان کی لاش ہی نکالی جا سکتی ہے ۔آن لائن کے مطابق انہوں نے کہا نواز شریف کو ڈیو وس میں گھاس نہیں ڈالی گئی ،کرپٹ آدمی کرپشن پر کیا تقریرکریگا لیکن و اپس آکر سارا غصہ راحیل شریف پر نکال دیا۔ انہوں نے کہا جب بھی نواز شریف ہیلی کاپٹر میں پکڑے جائیں یا پھر فلیٹس پکڑے جائیں تو الثانی گروپ مدد کو پہنچ جاتا ہے ، 5مرلے کی لال حویلی لیکر دکھاؤ، نہیں تو میرا نام نواز شریف رکھ دینا۔