فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا 3 روزہ دورہ جرمنی، میونخ سکیورٹی کانفرنس میں شرکت
راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جرمنی میں میونخ سکیورٹی کانفرنس میں شرکت کی ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چیف آف ڈیفنس سروسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر جرمنی کے 3 روزہ سرکاری دورے پر ہیں جہاں انہوں نے 62ویں میونخ سکیورٹی کانفرنس میں شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں، امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات میں علاقائی سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے کی جانب سے جاری بیان میں مزید بتایا گیا کہ فیلڈ مارشل کی جرمن وزیر داخلہ، مشیر خارجہ اور چیف آف ڈیفنس سے بھی ملاقاتیں ہوئیں جن میں دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کی برازیل کے جوائنٹ سٹاف سربراہ اور لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر جنرل سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، جن میں دفاعی تعاون، عالمی اور علاقائی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔