روایتی حریف ٹکرانے کو تیار، ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرا آج ہوگا
کولمبو: (دنیا نیوز) شائقینِ کرکٹ کی انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں کیونکہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت ٹیمیں چند ہی گھنٹوں میں کولمبو میں مدمقابل ہوں گی۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء کے سب سے بڑے معرکے کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا ہے جس کے ساتھ ہی شائقین کے دلوں کی دھڑکنیں تیز ہوگئی ہیں۔
پاکستانی وقت کے مطابق پاک بھارت میچ پریماداسا سٹیڈیم میں آج رات ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا۔
پاکستانی ٹیم بڑے معرکے کی تیاریوں کے سلسلے میں کولمبو میں ڈیرے ڈال چکی جہاں شاہینوں نے جم کر ٹریننگ کی، جبکہ بھارتی ٹیم نے بھی کولمبو میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔
روایتی حریفوں کے اس ہائی وولٹیج میچ کا تماشائیوں کو شدت سے انتظار ہے، اس سلسلے میں کولمبو میں بڑے میچ کی بڑی تیاریاں جاری ہیں، پاک بھارت میچ کی تمام ٹکٹیں بک چکی ہیں، ہوٹل فل پیک، کمرے نایاب، اور کرائے آسمان پر پہنچ گئے ہیں۔
دوسری جانب ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز میں بھارت کا پلڑا بھاری ہے۔
پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ٹی 20 ورلڈ کپ میں 8 بار سامنے آئیں، بھارت نے 7 میچز جیتے اور پاکستان نے صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل کی۔