حکومت کے پاس مصنوعی مینڈیٹ ,احتساب کا نظام مذاق بنادیا :سراج الحق

حکومت کے پاس مصنوعی مینڈیٹ ,احتساب کا نظام مذاق بنادیا :سراج الحق

آرڈیننس کے ذریعے نیب کے پر کاٹنے کی کوشش کی گئی،حکومت اب چلنے کے قابل نہیں ،ملک میں آئی ایم ایف کی حکمرانی ہے 15ماہ میں 70لاکھ لوگوں کو غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا،زندگی اجیرن ہوچکی:مجلس شوریٰ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس

لاہور (سپیشل رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت نے پارلیمنٹ کوبے وقعت بنا دیاہے ۔احتساب کے نام پر آنے والی حکومت نے 15ماہ میں احتساب کو مذاق بنا دیا ہے ۔آرڈیننس کے ذریعے حکومت نے نیب کے پر کاٹنے کی کوشش کی ہے ۔سابقہ حکمرانوں کی طرح موجودہ حکمران بھی نیب کو اپنے مقاصد کے لئے استعمال کررہے ہیں۔اس ادارے کی ری سٹرکچرنگ کرکے پارلیمنٹ سے اس کی منظوری لی جائے ۔عوام کے ٹیکسوں سے چلنے والے ادارے ملک اور عوام کے لئے نہیں حکومتوں کے لئے استعمال ہوتے ہیں۔وزیروں، مشیروں کی زندگی میں شاید کوئی مثبت تبدیلی آئی ہو ،عوام کی زندگی میں تو منفی تبدیلی آئی ہے جس نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے ۔ کشمیر کے مسئلہ پر خوردبین لگا کر بھی کوئی حکومتی پالیسی تلاش نہیں کرسکتا۔چین نے 70کروڑ افراد کوغربت سے نکالا اور موجودہ حکومت نے 15ماہ میں 70لاکھ لوگوں کو غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی مجلس شوریٰ کے تین روزہ اجلاس کے بعد منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو پنپنے اور مستحکم ہونے کا موقع نہیں دیا گیا۔اداروں کی حکمرانی کے تصور کو ختم کرنا اور عوام کی حکمرانی کے حقیقی تصور کو پروان چڑھانا ضروری ہے ۔ جمہوریت کی مضبوطی کے لئے حکومت کا مضبوط ہونا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جب تک الیکشن کے نظام کو بااعتماد اور شفاف نہیں بنایا جاتا ، ہر آنے والی حکومت پر الزامات لگتے رہیں گے ۔ موجودہ حکومت اور سابقہ حکومتوں پر دھاندلی سے آنے کے الزامات لگتے رہے ہیں ، یہ الزامات غلط نہیں ہیں ۔ حکومت اور اپوزیشن مل کر غیر جانبدار الیکشن کمیشن تشکیل دیں جس کو تمام پارٹیوں کا ا عتماد حاصل ہو ۔ انہوں نے کہاکہ ابھی تک الیکشن کمیشن مکمل نہیں ہوا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت معاشی ، پارلیمانی او ر داخلہ و خارجہ محاذوں پر مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ۔ اس وقت خارجہ محاذ پر پاکستان تنہا کھڑا ہے ۔ترکی اور ملائشیا جو ہمارے دوست تھے اور انہوں نے کشمیر کے مسئلہ پر ہماری کھل کرحمایت کی تھی ، آج وہ بھی ہمارے ساتھ نہیں ہیں ۔ ایک طرف بھارت سرحدوں پر میزائل نصب کر رہاہے اور دوسری طرف ہماری حکومت اور ادارے باہم دست و گریباں ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں