حکومت کے تاریخ ساز رمضان پیکیج سے شہریوں کو حقیقی ریلیف مل رہا: محسن نقوی

حکومت کے تاریخ ساز رمضان پیکیج سے شہریوں کو حقیقی ریلیف مل رہا: محسن نقوی

لاہور (سیاسی رپورٹرسے ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور، سمبڑیال اورسیالکوٹ میں مفت آٹا سنٹرز کے اچانک دورے کئے ۔ محسن نقوی نے ماڈل بازار،ٹھوکر نیاز بیگ لاہو رکا دورہ کیا۔

بعدازاں محسن نقوی نے سمبڑیال روڈ رحمت ہال اور انوار کلب سیالکوٹ میں مفت آٹے کے سنٹرز کا دورہ کیا۔ سمبڑیال روڈ رحمت ہال میں آٹے کی عدم دستیابی پر شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دئیے جس پرمحسن نقوی نے شدید برہمی کااظہار کیا اور آٹے کے ٹرک کی فوری موجودگی سنٹر پر یقینی بنانے کی ہدایت کی۔محسن نقوی کی موجودگی میں ہی ٹرک فوری طورپرآٹا لے کر سنٹر پہنچ گیااورشہریوں کو 10کلو آٹے کے 2،2تھیلے بالکل مفت تقسیم کئے گئے ۔محسن نقوی نے کہا وفاق اور پنجاب حکومت کے تاریخ ساز رمضان ریلیف پیکیج سے شہریوں کو حقیقی ریلیف مل رہاہے ۔ محسن نقوی نے سنٹر زپرمفت آٹے کی تقسیم کے انتظامات کا مشاہدہ کیا۔شہریوں سے آٹے کی دستیابی اور سہولتوں کے بارے میں پوچھا۔شہریوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں تصدیق نہ ہونے کے بارے میں بھی شکایات کیں۔محسن نقوی نے شہریوں سے ڈسٹری بیوشن پوائنٹس پر انتظامات کے حوالے سے دریافت کیا۔نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کے لئے موثر میکنزم بنایاہے ۔ سیلاب کے باعث پھلوں کی قلت ہے ،ہم پھل امپورٹ کررہے ہیں۔ مفت آٹے کی فراہمی میں تعطل نہیں آنا چاہئے ۔

سنٹرزپر موجود شہریو ں کو ہر صورت آٹا ملنا چاہئے ۔ قبل ازیں محسن نقوی نے ماڈل بازار ٹھوکر نیاز بیگ کا اچانک دورہ کیا اور مفت آٹے کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور مرد و خواتین سے آٹے کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔ مرد و خواتین نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹریشن اور شناختی کارڈ کی تصدیق نہ ہونے کے حوالے سے شکایات کیں۔ محسن نقوی نے شہریوں کی شکایات سنیں اور موقع پر ان کے حل کے لئے ہدایات جاری کیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی حکومت اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حکام سے بات چیت کرکے مسئلے کو حل کیا جا رہا ہے اور سنٹرز پر انتظامات کو مزید بہتر کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کو عزت کے ساتھ آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور شہریوں کی سہولت کیلئے اضافی عملہ تعینات کیا جائے ۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ سنٹرز پر بدنظمی کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔ سنٹرز پر آنے والے شہریو ں کو گائیڈ کیاجائے اور چکر نہ لگوائے جائیں۔ اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخو ں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوروں اورذخیرہ اندوزوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے ۔ محسن نقوی نے بعض مرد و خواتین کے شناختی کارڈز کی خود تصدیق کرائی اور آٹے کے تھیلے کا وزن بھی چیک کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب حکومت کے تاریخ ساز رمضان ریلیف پیکیج سے شہریوں کو حقیقی ریلیف مل رہاہے ۔ محسن نقوی نے مفت آٹا سنٹرز کے بعد علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کااچانک دورہ کیا۔ محسن نقوی نے ایمرجنسی،کڈنی اور دیگر وارڈز میں طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ مریضوں نے مفت ادویات نہ ملنے کی شکایات کیں،جس پر محسن نقوی نے نوٹس لیتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ جیسے بڑے شہر کے سرکاری ہسپتال میں انجیو گرافی کی سہولت کا نہ ہونا افسوسناک ہے ۔ہسپتال میں انجیو گرافی کی سہولت فوری شروع ہونی چاہئے ۔ محسن نقوی نے افضل الیکٹرانکس کے تعاون سے بنائے ہارٹ سنٹر کا بھی دورہ کیا اور علاج معالجے کی سہولتوں کو سراہا۔بعض مریضوں نے علاج معالجے کی سہولتوں کے فقدان کے بارے میں شکایات کیں۔محسن نقوی نے مریضوں کی شکایات نوٹ کیں اور ہسپتال انتظامیہ کو فوری ازالے کاحکم دیا۔محسن نقوی نے ہسپتال میں صفائی کے انتظامات کاجائزہ لیا اور مریضوں کو بہترین علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہاکہ مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے ڈاکٹرز اورعملہ ہمہ وقت ڈیوٹی پر موجود رہنا چاہیے ۔ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال میں طبی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں