سن لیں ،عدلیہ کے فیصلے نہ مانے تو پھر کچھ اور ہوگا :شیخ رشید

سن لیں ،عدلیہ کے فیصلے نہ مانے تو پھر کچھ اور ہوگا :شیخ رشید

اسلام آباد (دنیا نیوز )سابق وفاقی وزیر داخلہ و عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آئین قانون کسی کا سہولت کارنہیں ہوتا ،سارے لوگ کان کھول کرسن لیں اگرعدلیہ کے فیصلوں کی تعمیل نہ ہوئی توپھراس ملک میں کچھ اور ہو گا اور سارے اسکی لپیٹ میں آئیں گے ۔

یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے شیخ رشید نے مزید کہا کہ جب تک انتخاب نہیں ہوں گے انتشاراورخلفشاررہے گا،وزیر داخلہ رانا ثنا عقل کے ناخن لیں اورپاگل پن کے بیانات سے گریز کریں، ان کا دما غی علاج ہو نا چاہیے ۔ عدلیہ ماں جائی ہے اس کاکوئی لاڈلہ بیٹا نہیں، تمام ادارے عدلیہ کے ماتحت ہوتے ہیں، عدلیہ کی حکم عدولی ملک کی بقاکوخطرے میں ڈال دیتی ہے ۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ10کلو آٹے کے لئے 10بندے مارے گئے اور 10 پریس کانفرنسیں وزرا نے کیں، کیس ختم کروانے کی سازش ان ہی کے گلے پڑ گئی ۔ شیخ رشید نے کہا سپریم کورٹ کا کوئی چہیتا نہیں ، 90 دن میں الیکشن ہونا ضروری ہے ، اللہ کے بعد اب سپریم کورٹ آخری سہارا ہے ، یہ ا لیکشن سے فراری ہیں ، سپریم کورٹ کا فرض ہے ان کو الیکشن پر لائے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک ڈیفالٹ کی طرف جا رہا ہے ، ہمارا کسی سے جھگڑا نہیں لڑائی نہیں ، ادارے ہمارے ہیں ، فوج ہماری ہے ، پاکستان بچانا ہمار ا کام ہے ۔ پیپلزپارٹی کے اندرسے انتخابات کی حمایت میں آوازیں اٹھنا شروع ہو گئیں، آئی ایم ایف معاہدہ سعودی عرب اورامارات کے بغیرنہیں ہوگا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں