افسوس !پارلیمنٹ کو کس طرح فارم 47 کے ذریعے بنایا گیا :علوی

افسوس !پارلیمنٹ کو کس طرح فارم 47 کے ذریعے بنایا گیا :علوی

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )سابق صدرعارف علوی پنجاب اسمبلی پہنچے ،اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر اور ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی اور دیگر ارکان اسمبلی نے عارف علوی کا استقبال کیا ۔

سابق صدر نے تحریک انصاف /سنی اتحاد کونسل کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کی ،ملک احمد خان بھچر نے پارٹی کی پارلیمانی پرفارمنس بارے بریفنگ دی ، عارف علوی کاکہناتھاکہ اسمبلی کا طریقہ کار سینئر ز سے ضرور سیکھیں۔ اسمبلی کے پلیٹ فارم پر عوامی ایشوز کو پر امن احتجاج سے اجاگر کیا جائے ، عارف علوی کاکہناتھاکہ آٹھ فروری کو عوام نے بانی پی ٹی آئی کو ووٹ دیا ،جو ظلم کررہا ہے وہ معافی مانگے یا جس پر ظلم ہورہا ہے وہ معافی مانگے ؟،مظلوم سے کیسے کہوں کہ وہ معافی مانگے ، ہمیں عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ہے ۔عارف علوی نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ پارلیمنٹ اور اسمبلی جس طرح بھی بنی آپ جانتے ہیں، سکولوں میں پڑھایا جاتا تھا دو جمع دو چار ہوتا ہے ، یہاں دو جمع دو 400ہوجاتا ہے ، جھوٹ کی بنیاد پر عمارت کھوکھلی ہی ہوگی، عارف علوی نے کہاکہ بیلٹ کو تحفظ نہیں ملے گا تو خطرہ اس بات کا ہے کوئی اور راستہ نہ نکل آئے ، میرا لیڈر ہمیشہ کہتا رہا کہ مذاکرات ہوں ۔

افسوس ہوتا ہے پارلیمنٹ کو کس طرح فارم 47 کے ذریعے بنایا گیا ،عارف علوی نے مزید کہاکہ ہم پاکستانی ہیں ، فوج ہماری، تمام ادارے ہمارے ہیں ۔دنیا میں کسی نظام میں یک طرفہ فیصلے کا قانون نہیں ہے ۔اگر کسی کے پاس ثبوت ہے عدالتوں میں رکھا جائے ۔عارف علوی نے کہاکہ معافی سے معاملات حل ہوسکتے ہیں معافی مانگنی چاہیے لیکن معافی وہ مانگے جو ظلم کرے مظلوم سے کیسے کہوں کہ وہ معافی مانگے ۔جس کے پاس اختیار ہے وہ مذاکرات کریں۔سابق صدر پولیس کی سخت سکیورٹی میں انسداد دہشت گردی عدالت پہنچے ، جہاں انہوں نے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری اور شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ملاقات کے موقع پر عارف علوی نے کہا کہ آپ فکر نہ کریں، لوگ ہمارے ساتھ ہیں۔یاسمین راشد نے کہا کہ باہر میرا پیغام دے دیں کہ میں جیل میں خوش ہوں جتنی زیادتیاں کرنی ہیں کرلیں۔ مجھے جیل میں بلیوں اور چھپکلیوں سے مقابلہ کرنا پڑتا ہے ، آدھا دن مقابلے میں جب کہ آدھا دن کتابیں پڑھنے میں گزرتا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں