آرمی چیف کی تقرری کو متنازعہ بنانے میں ناکامی پر 9مئی کیا گیا:خواجہ آصف

آرمی چیف کی تقرری کو متنازعہ بنانے میں ناکامی پر 9مئی کیا گیا:خواجہ آصف

اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آرمی چیف کی تقرری متنازعہ بنائی گئی ،جب اس میں ناکام ہوئے تو باقاعدہ پروگرام بنا کر 9 مئی کیا گیا ہے۔

 اس سازش کی کڑیاں 2014 تک جارہی ہیں ، 9 مئی پاکستان کی 25 کروڑ عوام کی انا کا مسئلہ ہے ،9 مئی کو پاکستان کے شہیدوں کی ریڈ لائن پار کی گئی تھی۔ ا ن خیالات کااظہار انہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاتارڑ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا9 مئی کے واقعہ کا احتساب ہونا چاہیے اور قوم کو پتا لگنا چاہیے کہ اس کے سپانسر کون تھے ، کن لوگوں نے اس پر عمل در آمد کروایا اور ان کے مقاصد کیا تھے ۔ جو سازش تیار ہوئی جس کا ہدف نواز شریف تھا تو اس سازش کی ناکامی کے بعد ملک اذیت سے گزرا، کرپشن کا سیلاب آیا اور جب عدم اعتماد کے بعد نئی حکومت بنی تو ان کی کوشش تھی کہ نیا آرمی چیف ان کی مرضی کا لگے ، پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ آرمی چیف کی تعیناتی کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے کہا یہ کہتے ہیں یہ فالس فلیگ آپریشن تھا، یہ سارے لوگ جانے پہچانے تھے ، بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھی کورکمانڈر ہائوس میں موجود تھیں، اس کے بعد ایک نیا بیانیہ تخلیق کیا گیا جو ایبسولیوٹلی ناٹ یعنی غلامی نا منظور تھا لیکن پھر امریکی سفیر ان سے جا کر مل رہے ہیں، اب یہ لوگ ترلوں پر آگئے ہیں، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی آفر ہم نے کرنی ہے لیکن وہ ابھی سے لڑ رہے ہیں، سب اپنے گھر میں پی اے سی کے چیئرمین بنے بیٹھے ہیں۔اس موقع پر وزیر اطلاعات نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہیں، ان کے خلاف کسی نے مقدمہ درج کیوں نہیں کیا۔عدلیہ سے گزارش کی ہے کہ 9 مئی کے کیسز کو منطقی انجام تک پہنچائیں۔9 مئی کے کیسز میں شواہد موجود ہیں،کیا امر مانع ہے کہ عدالتیں ان کیسز کو منطقی انجام تک نہیں پہنچا رہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں